|

وقتِ اشاعت :   June 18 – 2018

اسلام آباد: الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ 2018 کے عام انتخابات میں 2013 کے مقابلے میں الیکشن لڑنے کے رجحان میں کمی آئی ہے۔

الیکشن کمیشن نے عام انتخابات 2018 اور 2013 میں کاغذات نامزدگیوں کا موازنہ جاری کردیا، 2018 کے انتخابات میں کاغذات نامزدگی جمع کرانے والے امیدواروں کی تعداد 2013 کے مقابلے میں کم ہے۔ آئندہ عام انتخابات کے لیے امیدواروں کی تعداد میں تقریباً 7 ہزار کی کمی واقع ہوئی ہے، رواں انتخابات میں 21ہزار 482 کاغذات نامزدگی جمع ہوئے جب کہ 2013 میں 28ہزار 302 کاغذات نامزدگی جمع ہوئے تھے۔

الیکشن کمیشن کے مطابق عام انتخابات 2018 میں قومی اسمبلی کی نشستوں پر 2013 کی نسبت 2 ہزار 523 کم کاغذات نامزدگی جمع ہوئے، قومی اسمبلی کے لئے 2013ء میں 7ہزار 996 اور 2018 میں 5 ہزار 473 کاغذات نامزدگی جمع ہوئے۔ قومی اسمبلی کے لئے خیبرپختونخوا سے 398، بلوچستان سے 4، پنجاب سے ایک ہزار 460 اور سندھ 662 کاغذات نامزدگی کم جمع ہوئے۔

 

الیکشن کمیشن کے مطابق حالیہ انتخابات میں صوبائی اسمبلیوں کی نشستوں کے لئے گزشتہ انتخابات کے مقابلے میں 5 ہزار 132کاغذات نامزدگی کم جمع ہوئے، سندھ اسمبلی کے لیے ایک ہزار 587، پنجاب اسمبلی کے لئے 2 ہزار 645، بلوچستان اسمبلی کے لئے 248 اور خیبرپختونخوا اسمبلی کے لیے 652 کاغذات نامزدگی گزشتہ انتخابات کی نسبت کم ہوئے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ سیاستدانوں کے الیکشن میں عدم دلچسپی کی بڑی وجہ سخت انتخابی قوانین اوربھاری فیسیں ہیں جب کہ الیکشن کمیشن کا تیارکردہ سخت حلف نامہ بھی امیدواروں کی عدم دلچسپی کی وجہ ہے۔