|

وقتِ اشاعت :   June 18 – 2018

اسلام آباد: عام انتخابات 2018 کے سلسلے میں اسلام آباد کے حلقے این اے 53 کے امیدواروں کی اسکروٹنی آج ہوگی، تاہم پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان یا ان کے وکیل آج پیش نہیں ہوئے۔

واضح رہے کہ الیکشن کمیشن نے این اے 53 کے امیدواروں عمران خان، سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور سابق پی ٹی آئی رکن عائشہ گلالئی کو آج ذاتی حیثیت میں طلب کیا تھا۔

گزشتہ روز یہ رپورٹس سامنے آئی تھیں کہ عمران خان کے بجائے ان کے وکیل بابر اعوان آج ریٹرننگ افسر کے سامنے پیش ہوں گے۔

بعدازاں عمران خان کی جانب سے بابر اعوان کی جگہ معاون وکیل رائے تجمل ریٹرننگ آفیسر کے سامنے پیش ہوئے اور آگاہ کیا کہ بابر اعوان آج پیش نہیں ہوسکتے۔

رائے تجمل کا کہنا تھا کہ بابر اعوان لاہور میں ہیں اور وہ وہاں عمران خان کی اسکروٹنی کے لیے پیش ہوں گے۔

معاون وکیل رائے تجمل نے ریٹرننگ آفیسر سے مہلت مانگ لی۔

واضح رہے کہ پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کے کاغذات نامزدگی پرعبدالوہاب بلوچ نے اعتراضات دائر کر رکھے ہیں، اس لیے عمران خان کو کاغذات کی جانچ پڑتال کے ساتھ اعتراضات کا جواب دینا ہوگا۔

حلقہ این اے 53 سے 63 امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں جن میں عمران خان، شاہد خاقان عباسی اور عائشہ گلالئی کے علاوہ مسلم لیگ (ن) کے بیرسٹر ظفر اللہ، مہتاب عباسی اور پی ٹی آئی کے الیاس مہربان بھی شامل ہیں۔

این اے 53 سے انتخابات لڑنے والے امیدواروں کی حتمی فہرست 19 جون کو جاری کی جائےگی۔

واضح رہےکہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے لاہور کے حلقہ این اے 131 اور کراچی کے حلقہ این اے 243 سے بھی کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں جن کے خلاف بھی اعتراضات دائر کیے گئے ہیں۔