کوئٹہ: کوئٹہ کے علاقے نواں کلی میں ٹارگٹ کلنگ کے واقعہ میں بچے سمیت دو افراد شہید جبکہ پولیس آفیسر شدید زخمی ہوگیا۔ پولیس کے مطابق فائرنگ کا واقعہ بدھ کی صبح تھانہ زرغون آباد کی حدود میں نواں کلی میں گل باران چوک پر اس وقت پیش آیا جب سب انسپکٹر عبدالصمد خلجی اپنے چچا کے ہمراہ گاڑی میں گھر سے شہر کی طرف جارہا تھا۔
نامعلوم دہشتگردوں نے گاڑی پر اندھا دھند فائرنگ کی جس کے نتیجے میں سب انسپکٹر کے چچا65سالہ وزیر خان خلجی موقع پر ہی شہید جبکہ سب انسپکٹر عبدالصمد خود شدید زخمی ہوگئے۔ فائرنگ کی زد میں آکر 8سالہ راہ گیر بچہ بھی زخمی ہوا جو بعد ازاں دم توڑ گیا۔ لاشوں کو سول ہسپتال کوئٹہ پہنچایا گیا جہاں بچے کی شناخت8سالہ وارث خان ولد شمس اللہ سلیمان خیل کے نام سے ہوئی۔ ڈی آئی جی کوئٹہ عبدالرزاق چیمہ کے مطابق عبدالصمد نے حملے کے بعد فوری جوابی کارروائی کی جس پر موٹر سائیکل سوار نامعلوم حملہ آور فرار ہوگئے۔
انہوں نے بتایا کہ زخمی سب انسپکٹر کو سی ایم ایچ پہنچایا گیا ۔ انہیں سینے اور کندھے پر گولی لگی ہے تاہم حالت خطرے سے باہر ہے۔ ڈی آئی جی پولیس کے مطابق عبدالصمد جناح ٹاؤن تھانے میں سب انسپکٹر انویسٹی گیشن تعینات ہیں۔ وہ نواں کلی میں اپنے گھر سے کیچی بیگ سے آنیوالے چچا کے ہمراہ گاڑی میں بہن کے گھر جارہے تھے جب انہیں نشانہ بنایا گیا۔ جائے وقوعہ سے واردات میں استعمال ہونیوالے ہتھیار کے خول اور دیگر شواہد اکٹھے کرلئے گئے ہیں۔
ابتدائی شواہد سے معلوم ہوتا ہے کہ دہشتگردوں نے پہلے سے ہی انہیں ہدف بنارکھا تھااوران کی ریکی بھی کررکھی تھی ۔پولیس آفیسر پر حملے کا مقدمہ پولیس کے انسداد دہشتگردی محکمہ ( سی ٹی ڈی) تھانے میں زخمی عبدالصمد خلجی کے بیٹے عبدالرزاق کی مدعیت میں نامعلوم دہشتگردوں کے خلاف درج کرلیا گیا ہے۔مقدمے میں انسداد ددہشتگرد ی ایکٹ، قتل اور اقدام قتل کی دفعات لگائی گئی ہیں۔
کوئٹہ، ٹارگٹ کلنگ میں پولیس افسر کا چچا اور راہ گیر بچہ جاں بحق
وقتِ اشاعت : June 21 – 2018