|

وقتِ اشاعت :   June 28 – 2018

کراچی: متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان پی آئی بی گروپ کے سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار نے الیکشن 2018 کے لیے بہادرآباد گروپ کے ساتھ اتنخابی مہم چلانے کا اعلان کردیا۔

صوبائی دارالحکومت میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے پی آئی بی گروپ کے ڈاکٹر فاروق ستار کا کہنا تھا کہ ’آئندہ انتخابات ہماری آزمائش ہے، انتخابی مہم میں رکاوٹیں بھی آئیں گی اور سازشیں بھی ہوں گی۔

ڈاکٹر فاروق ستار کا کہنا تھا کہ بہادر آباد میں میرے ساتھیوں نے پرتپاک استقبال کیا، میں آج بھی اپنے تمام ساتھیوں کے ساتھ ہوں۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ کارکن بھی یہی چاہتے ہیں کہ ہم یکجا ہوجائیں اور اس کے لیے دونوں طرف کے کارکنان کو بڑے دل کا بھی مظاہرہ کرنا ہوگا۔

فاروق ستار نے واضح کیا کہ ایم کیو ایم پاکستان کے کوئی دھڑے نہیں ہیں اور یہ ایک ہی جماعت ہے جس کا انتخابی نشان پتنگ ہے۔

اپنے سیاسی مخالفین کو آڑھے ہاتھوں لیتے ہوئے ڈاکٹر فاروق ستار کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم پاکستان کے کارکنان کے الگ الگ ہوجانے کی وجہ سے مخالفین یہ سمجھتے تھے کہ ان کو کراچی کا ووٹ بینک حلوے کی طرح مل گیا ہے۔

الیکشن 2018 میں انتخابی امیدواروں کے حوالے سے بات کرتے ہوئے ڈاکٹر فاروق ستار کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم پاکستان کے پی آئی بی گروپ نے بھی کئی امیدوار کھڑے کیے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم پاکستان کے مخالفین غلط فہمیاں پیدا کرنے کی کوشش کررہے ہیں، تاہم دونوں طرف کی شکایات کا ازالہ کرنے کے لیے 6 رکنی کمیٹی بنادی گئی ہے۔

ڈاکٹر فاروق ستار نے واضح کیا کہ میں پی آئی بی گروپ کی جانب سے کھڑے کیے گئے اپنے امیدواروں کا فیصلہ بھی رابطہ کمیٹی اور ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی پر چھوڑ رہا ہوں۔

ایم کیو ایم پاکستان کے سابق کنوینر نے کہا کہ ’میں نے خالد مقبول صدیقی سے کہا تھا کہ میں یہ الیکشن نہیں لڑنا چاہتا، لیکن صرف انتخابی مہم چلانا چاہتا ہوں‘۔

انہوں نے آئندہ عام انتخابات میں فتح کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’انشاء اللہ 25 جولائی کو ہم اپنا ووٹ بینک یکجا کرکے دکھائیں گے‘۔