لاگوس: نائجیریا کی موٹر وے پر تیز رفتار آئل ٹینکر میں آگ لگنے سے 9 افراد ہلاک جب کہ 53 گاڑیاں آتشزدگی کی نذر ہوگئیں۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق نائجیریا کے شہر لاگوس کی مصروف موٹر وے پر تیز رفتار آئل ٹینکر بریک فیل ہوجانے کے باعث ایک گاڑی سے جا ٹکرایا جس کی وجہ سے آئل ٹینکر میں آگ بھڑک اُٹھی۔
آئل ٹینکر میں لگی آگ نے دیکھتے ہی دیکھتے موٹر وے پر موجود دیگر گاڑیوں کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ حادثہ اتنا اچانک ہوا کہ کسی کو سنبھلنے کا موقع نہیں ملا جس کے باعث 9 افراد جھلس کر ہلاک اور 53 گاڑیاں جل کر راکھ ڈھیر بن گئیں۔
نائیجریا کے وفاقی روڈ سیفٹی کمیشن (ایف آر ایس سی ) کے ترجمان بی سی كذيم کا کہنا تھا کہ حادثے لاگوس سے باہر جانے والی سڑک پر اوٹوتولا پل کے قریب آئل ٹینکر کے بریک فیل ہوجانے کی وجہ سے ہوا جس میں ٹینکر کے علاوہ 45 کاریں، 5 بسیں، 2 ٹرک اور ایک سائیکل جل کر خاکستر ہوگئیں جب کہ 9 افراد جائے وقوعہ پر ہی جھلس کر ہلاک ہوگئے اس کے علاوہ مزید 4 افراد کو جھلسی ہوئی حالت میں اسپتال لایا گیا ہے جہاں انہیں طبی امداد دی جا رہی ہے۔