سوچی: فٹبال ورلڈ کپ میں ٹیموں کے لیے سہل پسندی کی گنجائش ختم ’’کرویا مرو‘‘کا وقت آگیا ناک آؤٹ مرحلے کا آغاز ہفتے سے ہو رہا ہے پہلے روزارجنٹائن اور فرانس میں جنگ چھڑے گی۔
گروپ اسٹیج میں لیونل میسی اور ارجنٹائنی ٹیم دونوں فارم کے متلاشی نظر آئے،اب ایونٹ میں بقا کیلیے خواب غفلت سے جاگ کر بہتر پلاننگ کے ساتھ میدان میں اترنا ہوگا، ابھی تک روایتی جارحانہ کھیل پیش نہ کرنے والے فرنچ سائیڈ کی امیدیں گریزمین سے وابستہ ہوںگی۔
دوسرے پری کوارٹر فائنل میں تینوں گروپ میچز کا فاتح یوروگوئے کرسٹیانو رونالڈو سے مزین پرتگال سے مقابلہ کریگا، لوئیس سواریز امیدوں کے محور ہوںگے۔
تفصیلات کے مطابق روس میں جاری فٹبال ورلڈ کپ پری کوارٹر فائنل مرحلے میں داخل ہو چکا،8گروپس میں شامل4 ،4 ٹیموں میں سے2،2 کو رخصتی کا پروانہ مل چکا، دیگراب پیش قدمی جاری رکھنے کیلیے کوشاں ہوں گی۔
گروپ ’’اے‘‘ سے یوروگوئے اور روس، گروپ ’’بی‘‘ سے اسپین اور پرتگال ایونٹ میںقدم آگے بڑھانے میں کامیاب رہیں،
گروپ سی میں شامل فرانس اور ڈنمارک، گروپ ڈی سے کروشیا اور ارجنٹائن نے بھی ٹائٹل کی امیدیں برقرار رکھیں، گروپ ’’ای‘‘ سے برازیل، سوئٹزر لینڈ، گروپ ’’ایف‘‘ سے سوئیڈن اور میکسیکو کا مارچ پاسٹ جاری رہا، گروپ ’’جی‘‘ میں موجود بیلجیئم اور انگلینڈ جبکہ گروپ ’’ایچ‘‘ میں کولمبیا اور جاپان سرخرو ہوئے،
ناک آؤٹ مرحلے کا آغاز ہفتے کوہو گا، پہلے میچ میں ارجنٹائن اور فرانس کی ٹیمیں مقابل ہوں گی، دوسرا مقابلہ یوروگوئے اور پرتگال میں ہوگا، اتوار کو اسپین کا ٹاکرا روس اور کروشیا کا ڈنمارک سے ہونا ہے، اگلے روز برازیل کو میکسیکو، بیلجیئم کو جاپان کا چیلنج درپیش ہو گا۔
منگل کو پری کوارٹر فائنل مرحلے کے آخری 2 مقابلے شیڈول ہیں، سوئٹزر لینڈ کو سوئیڈن، انگلینڈ کو کولمبیا کی دیوار گرانا ہو گی۔ہفتے کو ایکشن میں نظر آنے والا ارجنٹائن ابھی تک بھرپور فارم میں نظر نہیں آیا،
گرتے پڑتے اپنے گروپ میں رنر اپ کی حیثیت سے ناک آؤٹ مرحلے تک رسائی پانے والی ٹیم میں لیونل میسی جیسا سپر اسٹار بھی شامل ہے لیکن فارورڈ اور ارجنٹائن دونوں کی کارکردگی ابھی تک شایان شان نظر نہیں آئی،
آئس لینڈ جیسی چھوٹی ٹیم کے ساتھ مقابلہ 1-1 سے برابر رہنے کے بعد کروشیا نے ناک میں دم کرتے ہوئے 3-0 سے شکست دے کر ایونٹ سے اخراج کی تلوار لٹکا دی تھی،نائیجیریا کے خلاف میسی کے ساتھ مارکوس روجو کے گول نے سابق عالمی چیمپئن کی لاج رکھ لی۔
پری کوارٹر فائنل میں فتح کیلیے ٹیم کو کھویا ہوا توازن حاصل کرنے کے ساتھ میسی سمیت بڑے اسٹارز سے بہتر کارکردگی کی توقع ہو گی، دوسری طرف فرانس کی ٹیم بھی روایتی فارم میں دکھائی نہیں دی،
آسٹریلیا کے خلاف سخت مقابلے میں فتح کے بعد پیرو کو بھی بمشکل 1-0 سے زیر کیا،
ڈنمارک سے مقابلہ بغیر کسی گول کے برابر ہونے کے باوجود اپنے گروپ میں ٹاپ پر رہنے والی فرنچ ٹیم کیلیے باقی سفر آسان دکھائی نہیں دے رہا، گریزمین کی موجودہ فارم بھی کوچ ڈیڈیئر کیلیے باعث تشویش ہے۔
ہفتے کو دوسرے پری کوارٹر فائنل میں اپنے گروپ کے تینوں میچز جیتنے والی ٹیم یوروگوئے کرسٹیانو رونالڈو سے مزین پرتگال کیخلاف عمدہ کھیل کا عزم لیے میدان میں اترے گی۔
مصر کے خلاف 1-0 سے فتح کے ساتھ مہم کا آغاز کرنے والی لوئس سواریز کی ٹیم نے سعودی عرب کے بعد خلاف توقع بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی روسی ٹیم کا بھی 3-0 سے شکار کیا،
دوسری جانب پرتگال نے اسپین کے خلاف مقابلہ 3-3 سے برابر کیا، کرسٹیانو رونالڈو نے توقعات کا بوجھ اٹھاتے ہوئے تینوں گول کیے، اسٹار فٹبالر مراکش کے خلاف 1-0 سے فتح کے بھی ہیرو تھے، جراتمندانہ کھیل پیش کرنے والی ایرانی ٹیم کے جوابی حملوں سے تنگ آ کر ایک گول کی برتری آخری لمحات میں ختم کرا بیٹھنے والی پرتگالی ٹیم کو یوروگوئے کے فارورڈز کے سامنے بند باندھنے کیلیے سخت محنت کرنا ہو گا۔