منیلا: تھائی لینڈ کی غاروں میں 9 دن قبل لاپتہ ہونے والے 12 بچوں اور ان کے فٹبال کوچ کا سراغ مل گیا ہے وہ تمام لوگ غار میں زندہ اور صحیح سلامت موجود ہیں۔
برطانوی میڈیا کے مطابق فٹبال ٹیم کے کم عمر نوجوان لڑکے اور ان کے 25 سالہ فٹبال کوچ 9 روز قبل لاپتہ ہوگئے تھے جن کا سراغ لگالیا ہے وہ سب ایک غار میں محفوظ حالت میں موجود ہیں۔ ان تمام لوگوںں کی تلاش میں تھائی نیوی کے خصوصی دستے نے حصہ لیا، سرچ آپریشن میں دو برطانوی غوطہ خور بھی شامل تھے جنہوں نے پیر کی شب انہیں تلاش کرنے میں کلیدی کردار اداکیا۔غوطہ خوروں نے ان لاپتہ افراد کا سراغ تھیم لوانگ کی غاروں میں سرچ آپریشن کے دوران لگایا۔غار میں پھنسے ان لڑکوں کی عمر 11 سے 16 ہے اور وہ 23 جون سے لاپتہ تھے۔
تھائی لینڈ کی فوج کا کہنا ہے کہ غار میں پھنسے افراد کو باہر نکلنے کے لیے غوطہ خوری سیکھنی ہوگی یا پھر مہینوں سیلاب کے کم ہونے کا انتظار کرنا ہوگا۔، اس وقت بچانے والوں کے لیے سب سے بڑا چیلنج ان تک رسد پہنچانا ہے کیونکہ پانی اورگارا بڑھنے سے ان تک رسائی مشکل ہورہی ہے۔ فوج کے مطابق غار میں پھنسے افراد کے لیے کم از کم آئندہ چار ماہ تک زندہ رہنے کے لیے خوراک پہنچانے کی ضرورت ہے۔
غار میں پھنسے افراد کی ایک ویڈیومنظر عام پر آئی ہے جس میں غار میں پھنسے تمام افراد زیر سمندر غاروں کے جال میں دکھائی دے رہے ہیں۔ لڑکے غار کے ایک خشک حصے میں دبکے ہوئے بیٹھے ہیں اور ان کے ارد گرد پانی ہے ، وہ تمام لوگ بھوکے ہیں اور ریسکیو ٹیموں سے انہیں باہر نکالنے کا مطالبہ کررہے ہیں، جب کہ غوطہ خور ان لڑکوں کو کہتا نظرآرہا ہے کہ پریشان نہ ہوں بہت سے افراد انہیں بچانے آرہے ہیں۔ریسکیو ٹیم اس بات کا فیصلہ کررہی ہے کہ پہلے غار میں پھنسے افراد کو فوری نکالا جائے یا پھر غار کا پانی پہلے نکالا جائےاورکمزورافراد کو تھوڑا توانا ہونے دیا جائے۔
واضح رہے کہ شمالی تھائی لینڈ کے چیانگ رائی میں موجود تھام لوانگ کے غار برسات کے زمانے میں سیلاب کے پانی سے بھرجاتے ہیں لہٰذا ایسی صورتحال میں وہاں پھنسےافراد کو غوطہ خوری کی تربیت حاصل کرنی ہوگی لیکن یہ ان کے لیے خطرناک ہوسکتا ہے اسلیے دوسری ٹیمیں پہاڑ کی دوسری جانب دوسرے راستے کی تلاش میں ہیں جہاں سے ان تک رسائی حاصل کی جاسکے۔
غار میں پھنسے 12 لڑکے موپا فٹبال ٹیم کے کھلاڑی ہیں ان کے نائب کوچ اکثر اپنی ٹیم کو مختلف دوروں پر لے جاتے ہیں، دو سال قبل بھی وہ ا پنی ٹیم کے ساتھ اس غار میں آئے تھے۔