|

وقتِ اشاعت :   July 4 – 2018

ڈیرہ بگٹی: ٹاون چئیرمین ڈیرہ بگٹی نوابزادہ گہرام بگٹی نے مقامی صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ آج ٹوبہ نوحقانی میں اپنے بال بچوں کے پیٹ پالنے کی خاطر آئے ہوئے نہتے مزدوروں کی شہادت اور زخمی کرنے کی مذمت کے ساتھ ساتھ ملکی اداروں کے شکر گزار بھی ہیں کہ جنہوں نے دو روز قبل دہشتگردوں کی جانب سے بچھائی گئی ۔

بارودی سرنگوں کی نشاندہی کرتے ہوئے نہ صرف دہشت گردوں کے عزائم کو خاک میں ملا دیا بلکہ مجھ سمیت میرے سینکڑوں کارکنوں کو بھی تحفظ دی،انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کی تازہ لہر اس بات کی واضح ثبوت ہے کہ ملک دشمن عناصر ڈیرہ بگٹی سمیت بلوچستان بھر میں آنے والے انتخابات کی شفافیت کو مشکوک بنانے کے ساتھ ساتھ انتخابات کو پامال کرنے کے بھی درپے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ انہیں خدشہ ہے کہ دہشتگرد اور ملک دشمن عناصر حالات کو مزید خراب کرسکتے ہیں لہذا میرا یہ مطالبہ ہے کہ نہ صرف باہر سے آئے ہوئے مزدوروں کو تحفظ فراہم کیا جائے بلکہ الیکشن کی شفافیت اور عوام کی امنگوں کے مطابق پرامن انعقاد کے لئے پولنگ اور رزلٹ کے دن تک فی الفور پاک آرمی کے جوانوں کو ضلع بھر میں تعینات کیا جائے۔