کراچی: الیکشن کمیشن نے چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کو لیاری میں بغیر اجازت ریلی نکالنے پر شوکاز نوٹس جاری کردیا۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر نوٹس جاری کرتے ہوئے 5 جولائی تک جواب طلب کرلیا۔
نوٹس میں کہا گیا ہے کہ قانون کے مطابق ریلی نکالنے سے 3 دن پہلے این او سی لیا جانا لازمی ہے جب کہ بلاول بھٹو نے انتظامیہ سے پیشگی اجازت کے بغیر ریلی نکالی، 3 روز پہلے ریلی کی اجازت لی ہوتی تو سیکیورٹی کے انتظامات کئے جاسکتے تھے۔
واضح رہے اتوار کو پیپلز پارٹی کا مضبوط گڑھ سمجھے جانے والے کراچی کے علاقے لیاری میں چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری کے قافلے پر مشتعل افراد نے پتھراؤ کیا تھا اور قافلے میں شامل متعدد گاڑیوں کے ڈنڈوں سے شیشے توڑ دیئے تھے۔