|

وقتِ اشاعت :   July 5 – 2018

کوئٹہ : بلوچستان عوامی پارٹی کے بانی سعید احمد ہاشمی نے کہا ہے کہ بلوچستان عوامی پارٹی صوبے کے عوام کی اپنی جماعت ہے جو25جولائی کو عوام کے ووٹوں سے کامیابی حاصل کرکے اقتدار میں آکر عوام کے احساس محرومی کے خاتمے اور بنیادی مسائل کے حل کیلئے ترجیحی بنیادوں اقدامات کریگی۔ یہ بات انہوں نے انتخابی مہم کے سلسلے میں مختلف علاقوں میں کارنرز میٹنگز سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

انہوں نے کہا کہ بی اے پی عوام کی امنگوں کی ترجمان جماعت ہے جو حقیقی مسائل کے حل کیلئے عملی طور پر میدان عمل میں اتری ہے جس کی وجہ سے سیاسی مخالفین کی نیندیں حرام ہوچکی ہیں کیونکہ عوام آزمائی ہوئی پارٹیوں کو اب 2018ء کے انتخابات میں آزمانا نہیں چاہتے اس لئے صوبے کے طول و عرض سے لوگ جوق درجوق اپنے مسائل کے حل کو یقینی بنانے کیلئے بی اے پی میں شامل ہورہے ہیں جو خوش آئند اقدام ہے۔

انہوں نے کہاکہ بلوچستان عوامی پارٹی کا قیام کا مقصد بلوچستان کے عوام میں 70سال سے پائی جانے والی احساس محرومی کا خاتمہ کرنا ہے ماضی میں بلوچستان کو وفاقی اور صوبائی حکومتوں نے بری طرح نظر انداز کیا جائے جس کے باعث بلوچستان کے عوام آج اکیسویں صدی میں بھی تمام بنیادی سہولیات سے محروم ہیں۔ 

انہوں نے کہا کہ 2018ء کے انتخابات بڑی اہمیت کے حامل ہیں عوام اپنے ووٹ کی پرچی کے ذریعے صوبے میں تبدیلی لاسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 25جولائی کوہونے والے انتخابات میں بلوچستان کے عوام بلوچستان عوامی پارٹی کے نامزد کردہ امیدواروں کو ووٹ دیکر بھاری اکثریت سے کامیاب بنائیں تاکہ بی اے پی کے منتخب نمائندے ایوانوں میں جاکر صوبے کے حقوق کیلئے بھر پور آواز بلند کرسکیں۔