|

وقتِ اشاعت :   July 6 – 2018

کوئٹہ : جمعیت علماء اسلام کے مرکزی سیکرٹری جنرل ومتحدہ مجلس عمل کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل پی بی 32 کے نامزد امیدوار مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا ہے کہ 25 جولائی کو میں ملک بھر میں متحدہ مجلس عمل بھاری اکثریت سے کامیاب ہو کر حکومت بنائے گی۔

قوم خوشنما نعروں اور سیاسی مداریوں کے بجائے صالح ،دین دوست ،ترقی پسند اور خوشحال ریاست کی تشکیل کیلئے مجلس عمل کے امیدواروں کو کامیاب بنائے ، ملک کو اندرونی اور بیرونی خلفشار سے بچانے کیلئے مجلس عمل کی قیادت کا ساتھ دے کر ملک کو بچانے کا کردار ادا کیا جائے۔

بعض سیاسی قوتیں بھارت اور مغرب کے آلہ کار بن کر ملک کے خلاف سازشوں میں مصروف ہیں ہم ریاست کے خلاف ملک دشمن ایجنڈہ لے کر آنے والوں کا بھرپور مقابلہ کرینگے۔ 

ان خیالات کا اظہار جمعیت علمائے اسلام کے مرکزی سیکرٹری جنرل ومجلس عمل کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل پی بی 32 سے نامزد امیدوار مولانا عبدالغفور حیدری نے بڑیچ کالونی میں در محمد آقا کی طرف سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر مولانا حکیم محمد عیسی، حافظ عبدالملک، مولانا عبدالحنان ودیگر نے بھی خطاب کیا۔انہوں نے کہا کہ 25 جولائی کا سورج مجلس عمل کے امیدوار ں کی کامیابی کی نوید لیکر طلوع ہوگا اور ملک بھر میں اللہ اکبر کی صدائیں بلند ہونگی ۔

انہوں نے کہا کہ متحدہ مجلس عمل بھاری اکثریت سے کامیاب ہو کر اپنے دوستوں کے ساتھ مل کر حکومت بنائیں گے انہوں نے کہا کہ پرانے شکاری نئے اور دلفریب جال کیساتھ عوام کو یرغمال بنانے کی کوششوں میں مصروف ہیں مگر اب کی بار ایسا نہیں ہونے دینگے ۔

انہوں نے کہا کہ ملک کے خلاف سازشیں کرنے والوں کا راستہ روکیں گے اور مخالفین کو شکست سے دوچار کرینگے انہوں نے کہا کہ ملک کو بیرونی اور اندرونی جارحیت اور خلفشار سے بچانے کا ہم نے تہیہ کرلیا ہے اور ملک دشمن قوتوں کو بے نقاب کرنا اور انکا راستہ روکنا پوری قوم کی ذمہ داری بنتی ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ بعض سیاسی قوتیں بھارت اور مغرب کے آلہ کاربن کرملک کے خلاف سازشوں میں مصروف ہیں ہم ریاست کے خلاف ملک دشمن ایجنڈا لے کر آنے والوں کا بھر پور مقابلہ کرینگے اور انشاء4 اللہ 25 جولائی کا سورج اللہ اکبر کی نعروں سے گونج اٹھے گا۔اس موقع پر بڑیچ برادری کی سرکردہ شخصیات نے پی بی 32 سے مولانا عبدالغفورحیدری کی بھرپور حمایت کا اعلان کیا۔ 

دریں اثناء زہری قبائل کے سردارزادہ میر جاوید احمد لہڑی نے جمعیت علماء اسلام پاکستان کے سیکرٹری جنرل اورحلقہ پی بی 32سے نامزد امیدوار مولانا عبدالغفور حیدری اوراین اے 266سے نامزد امیدوار حافظ حسین احمدکی موجودگی میں انکی بھر پور حمایت کا اعلان کردیا۔

انہوں نے کہا کہ مولانا عبدالغفور حیدری وہ واحد لیڈر ہیں جن کا تعلق بلوچستان سے ہے وہ ڈپٹی چیئرمین سینٹ بھی رہے اور جمعیت کے مرکزی عہدیدار بھی ہیں اوراسی طرح انکی بلوچستان کے عوام اور پاکستان کیلئے بڑی خدمات ہیں میں اپنی اقوام لہڑی کے ساتھ انکی بھر پور حمایت کا اعلان کرتا ہوں اور میں اپنی قوم سے کہتا ہوں کہ وہ 25جولائی کو کتاب پر مہر لگاکر اپنی حب الوطنی اور اسلام دوستی کا ثبوت دیں۔

اس موقع پر قبائلی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے حلقہ پی بی 32کے نامزد امیدوار مولاناعبدالغفور حیدری نے کہا کہ سردارزادہ میر جاویداحمد لہڑی اورپوری اقوام لہڑی کا شکریہ ادا کرتے ہیں کہ انہوں نے جمعیت علماء اسلام کی حمایت کااعلان کیا ہے۔ 

انہوں نے کہا کہ جمعیت ایک ملک گیرجماعت ہے اور پورے ملک اور بالخصوص بلوچستان کو ایک ترقی یافتہ صوبہ دیکھناچاہتی ہے ماضی میں وفاق نے بلوچستان کو نظر انداز کیا ہے جس کی وجہ سے آج تک بلوچستان پسماندہ ہی رہا ہے ۔انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ کوئٹہ کو ایک ماڈل سٹی بنائیں گے بلوچستان کے نوجوانوں کو روزگار فراہم کریں گے اور کوشش ہوگی کہ لوگوں کے بنیادی مسائل حل ہوں۔ 

اس موقع پر جمعیت کے مرکزی ترجمان و قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 266سے نامزد امیدوارحافظ حسین احمد نے کہا کہ ملک اسلام کے نام پربنایہ اسلام کے نام پر ہی قائم رہے گا اوراسلام ہی انسانی حقوق فراہم کرنے کا ذمہ دار ہے اسلام بھائی چارے کا مذہب ہے اوراسلام میں تمام قومیتوں ،اقلیتوں کے حقوق محفوظ ہیں ۔

متحدہ مجلس عمل کے حلقہ پی بی 31سے امیدوارمیراسحاق ذاکر شاہوانی نے کہا کہ کامیابی کے بعد میں اپنے لوگوں کے مسائل حل کرنے کی بھر پور کوشش کروں گا اور میں عوامی خدمت کا جذبہ رکھتا ہوں انفرادی طور پر بھی میں نے ماضی میں علاقے کے لوگوں کی خدمت کی ہے کامیاب ہوکر انشاء اللہ حلقے کی تقدیر بد ل دوں گا۔