|

وقتِ اشاعت :   July 8 – 2018

 اسلام آباد: انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان اور سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کو نوٹس جاری کردیا گیا۔

اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ نے اشتہاری مہم میں الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر عمران خان اور شاہد خاقان عباسی سمیت 13 امیدواروں کو شو کاز نوٹس جاری کر دیئے۔

دیگر امیدواروں میں اسد عمر، شکیل انجم، ڈاکٹر طارق فضل چوہدری، میاں اسلم، زبیر فاروق، چوہدری رضوان سیفی، راجہ خرم نواز، افضل کھوکھر، راجہ عمران اشرف، ڈاکٹر محمد امجد چوہدری اور سید سبت الحسن شاہ شامل ہیں۔

ضلعلی انتظامیہ نے ان افراد کو 24 گھنٹے کے اندر خلاف قانون اشتہارات ہٹانے کا حکم دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر 24 گھنٹے میں اشتہارات نہ ہٹائے گئے تو قانونی کارروائی کیلئے کیس الیکشن کمیشن کو بھیج دیا جائے گا۔  الیکشن کمیشن نے ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کے لیے خصوصی مانیٹرنگ آفیسرز تعینات کیے ہیں جو قانون کی خلاف ورزی کی فوری رپورٹس جاری کرتے ہیں۔