|

وقتِ اشاعت :   July 11 – 2018

اسپین کے کلب ریال میڈرڈ نے عالمی شہرت یافتہ فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو کے اطالوی کلب یوونٹس میں ٹرانسفر کا اعلان کردیا جس کے ساتھ ہی پرتگال کے اسٹار کی میڈرڈ سے 9سالہ رفاقت کا خاتمہ ہو گیا۔

کرسٹیانو رونالڈو 2009 میں انگلش کلب مانچسٹر یونائیٹڈ کو چھوڑ کر ریال میڈرڈ کا حصہ بنے تھے اور اس وقت دنیا کے سب سے مہنگے کھلاڑی قرار پائے تھے۔

33سالہ رونالڈو نے اسپین میں 9سال قیام کے دوران ریال میڈرڈ کے لیے 15ٹرافیاں جیتیں جس میں 4مرتبہ چیمپیئنز لیگ جیتنا بھی شامل ہے۔

رواں سال چیمپیئنز لیگ جیتنے کے بعد رونالڈو نے ریال میڈرڈ کو چھوڑنے کا عندیہ دیا تھا جس کے بعد قیاس ظاہر کیا جا رہا تھا کہ شاید وہ اپنے سابقہ کلب مانچسٹر یونائیٹڈ کا دوبارہ حصہ بن جائیں گے تاہم انہوں نے اٹلی کے کلب یوونٹس کا حصہ بن کر اپنے تمام فینز کو حیران کردیا۔

منگل کو یوونٹس کے صدر آندرے اگنیلی یونان پہنچے جہاں رونالڈو ورلڈ کپ کے عبد چھٹیاں منا رہے ہیں اور سپراسٹار کے ایجنٹ کی آمد کے بعد دونوں فریقین کے درمیان معاہدہ طے پا گیا۔

ہسپانوی کلب نے 5مرتبہ بیلن ڈی اور جیتنے والے عظیم فٹبالر کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ آج ریال میڈرڈ اس کھلاڑی کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہے جس نے ثابت کیا کہ وہ دنیا کے بہترین فٹبالر ہیں اور کلب کے ساتھ ساتھ فٹبال کی تاریخ میں ریال میڈرڈ کے ساتھ ایک ریکارڈ ساز اور تاریخی دور گزارا۔

پرتگال کے کپتان نے اپنے بیان میں کہا کہ میں نے میڈرڈ کے ساتھ شاندار 9سال گزارے لیکن میں سمجھتا ہوں کہ میری زندگی میں نئے دور کے آغاز کا وقت آچکا ہے اور اسی لیے میں نے کلب سے درخواست کی کہ میری ٹرانسفر کی درخواست قبول کی جائے۔

رپورٹس کے مطابق رونالڈو کا یوونٹس سے 4سال کے لیے 100ملین میں معاہدہ ہوا ہے اور ممکنہ طور پر وہ اپنے شاندار فٹبال کیریئر کا اسی کلب کے ساتھ اختتام کریں گے۔

رونالڈو نے ریال میڈرڈ کے لیے کھیلتے ہوئے کلب کے لیے سب سے زیادہ گول اسکور کرنے کا عظیم فٹبالر راؤل کا ریکارڈ توڑا اور 438 میچوں میں 451 گول اسکور کیے۔

یہ چند ماہ کے دوران ریال میڈرڈ کو دوسرا بڑا دھچکا لگا ہے کہ جہاں رواں سال لگاتار تیسری مرتبہ چیمپیئنز لیگ جیتنے کے بعد ٹیم کے کوچ زین الدین زیڈان نے کوچنگ سے مستعفی ہونے کا اعلان کردیا تھا۔