کوئٹہ: بلوچستان عوامی پارٹی کے بانی و حلقہ پی بی 29 بی اے پی کے نامزد امیدوار سعید احمد ہاشمی نے کہا ہے کہ بلوچستان سے پسماندگی کے خاتمے کے لیے وسائل سے زیادہ نیک نیتی کی ضرورت ہے وقت آگیا ہے کہ عوام کے مسائل حقیقی معنوں میں حل کرنے اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات اٹھائے جائیں ۔
روایتی سیاسی جماعتوں کی جانب سے بلوچستان پر توجہ اپنی جگہ ان کی آرزو ہی نہیں کہ بلوچستان کے حقیقی مسائل و معاملات کو سمجھا جائے ان خیالات کا اظہار انہوں نے شاہ زمان روڑ پر مختلف انتخابی کارنر میٹنگز سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔
سعید احمد ہاشمی نے کہا قومیت بنیاد پرستی اور مذہب کے نام پر سیاست کا کھیل ختم ہو چکا عوام اپنے مسائل کا حل چاہتے ہیں بلوچستان مزید نئی آزمائشیں کا متحمل نہیں ہو سکتا وسائل کی فراوانی کے باوجود ترقی کا عمل عرصہ سے منجمد ہونے کی وجہ سے عوام بنیادی سہولیات تک سے محروم ہیں ۔
سیاسی جماعتوں میں تابعداری کا عمل حق بات سے دستبرداری کا خمازہ ثابت ہوا اور انفرادی مسائل ذاتی مفادات کی بھینٹ چڑھ گئے نتیجتا جمہوری عمل سے عام ووٹر متنفر ہونے لگا سیاسی اداروں کی اہمیت عوام کے مسائل کے حل سے ہی مشروط ہے لیڈر عوام سے لاتعلق ہو کر اپنے مفادات کی تکمیل کے لیے سرگرداں رہے تو عوام میں قدرتی طور پر نفرت جنم لے کر ہی رہے گی ۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان عوامی پارٹی میں شفافیت اور جوابدہی کے موثر عمل سے ایسا نظام متعارف کروائیں گے جس سے ایک عام فرد اپنے منتخب نمائندے سے پوچھنے کا حق رکھتا ہو نوجوانوں سے ہماری بہت سی امیدیں وابستہ ہیں اور ساتھ ساتھ یہ امید بھی کہ وہ سیاسی عمل میں شفافیت کو مقدم رکھیں گے ۔
بلوچستان عوامی پارٹی ایک نیا عزم و مشن لیکر میدان عمل میں اتری ہے اور عوام نے ہم سے جو توقعات وابستہ کر رکھی ہیں ان پر پورا اترنے کے لیے ہر ممکن کوشش کی جائے گی ۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے عوام نے بی اے پی سے جو توقعات وابستہ کر رکھی ہیں ان پر پورا اترنے کے لیے ہر ممکن کوشش کی جائے گی عوام بی اے پی کو ووٹ دیں بدلے میں انہیں اچھی گورننس دیں گے جس سے عوام یقیناًحقیقی تبدیلی محسوس کریں گے
بلوچستان مزید آزمائشوں کا متحمل نہیں ہوسکتا، سعید ہاشمی
وقتِ اشاعت : July 11 – 2018