|

وقتِ اشاعت :   July 14 – 2018

کوئٹہ: چیف سیکریٹری بلو چستان ڈاکٹر اختر نذیر نے جمعہ کے روز ضلع قلعہ سیف اللہ اور ضلع لورالائی کا دورہ کیا۔آئی جی پولیس بلوچستان محسن حسن بٹ اور کمشنر ژوب ڈویژن بشیر احمدخان بازئی بھی ان کے ہمراہ تھے ۔

اس موقع پر کمشنر آفس میں اجلاس کاانعقاد کیاگیا جس میں عام انتخابات کے انتظامات ،امن وامان سے متعلق امور کا تفصیلی جائزہ لیاگیا۔چیف سیکریٹری نے اجلاس کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ پرامن ،غیرجانبدارانہ ،آزادنہ اور شفاف انتخابات کیلئے انتظامات کی بروقت تکمیل کو یقینی بنایا جائے اور اس سلسلے میں ہر گزکوئی لاپرواہی نہ برتی جائے انہوں نے تما م ڈپٹی کمشنرزاورڈی پی اوزکو ہدایت کی کہ مستونگ بم دھماکہ کے بعدسیکورٹی انتظامات کا ازسر نو جائزہ لیا جائے اور ساتھ ہی امیدواروں کو بہترین سیکیورٹی کی فراہمی کو بھی یقینی بنایا جائے ۔

انہوں نے تمام امیدواروں کو پابند کیاجائے کہ والیکشن کمشن کیجانب سے بنائے گئے ضابطہ اخلاق پر ہر صورت عملدرآمد کریں اور تمام سیاسی جماعتیں اور امیدوار کارنر میٹنگ منعقد کرنے سے پہلے متعلقہ ضلعی انتظامیہ کو مطلع کریں تاکہ انہیں مناسب سیکورٹی فراہم کی جائے ۔

انہوں نے تمام ضلحوں کی انتظامیہ کو پاپند کیا کی انتخابی مہم کے دوران کارریلی پرمکمل پابندی ہوگی لہذا کوئی بھی سیاسی جماعت یا امیدوارکا رریلی نکالنے سے اجتناب کرئے۔انہوں نے کہا کہ سرکاری ملازمین کو الیکشن ڈیوٹی ہرصورت ادا کرنا ہوں گی الیکشن ڈیوٹی سے غیر حاضر ہونے والے ملازمین کیساتھ کسی قسم کی رعایت نہ برتی جائے۔

اس موقع پر آئی جی پولیس نے بتایا کہ پولیس اورقانون نافذ کرنے والے اداروں کو تمام ضروری سہولتوں کی فراہمی یقینی بنائے جائے گی تاہم پرامن ماحول کوبرقرار رکھنے میں اپنی ذمہ داری پوری کرنا ہوگی اور اس سلسلے میں عوام بھی انتظامیہ سے بھر پور تعاون کرئے ۔

کمشنر ژوب ڈویژن بشیر احمد خان بازئی نے ژوب ڈویژن کے حوالے تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے کہاکہ ڈویژن میں امن وامان کی مجموعی صورتحال بہت بہتر ہے ۔اور ماحول کو پرامن بنانے کیلئے تمامتر دستیاب وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ ڈویژن کے حساس پولنگ سٹیشنوں پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب کئے جائنیگے ۔اور ٹریفک پلان کیلئے بھی حکمت عملی بنائی جارہی ہے تاکہ انتخابات کے دوران ٹریفک کی روانی متاثرنہ ہوسکے ۔اجلاس میں ڈی آئی جی ژوب ڈپٹی کمشنرز سمیت ڈی پی اوز نے شرکت کی۔