|

وقتِ اشاعت :   July 15 – 2018

ماسکو: فٹبال ورلڈکپ کی رنگارنگ اختتامی تقریب سجانے کیلیے تیاریاں مکمل کرلی گئیں، ایرا استریفی،ول اسمتھ اور نکی جام آفیشل سونگ پر پرفارم کریں گے۔

فٹبال ورلڈکپ کا روس میں سجایا جانے والا عالمی میلہ اتوار کو فرانس اور کروشیا میں فائنل کے ساتھ اختتام کو پہنچے گا،اس سے قبل میگا ایونٹ کی رنگا رنگ اختتامی تقریب کا اہتمام کیا جائے گا، آفیشل سونگ ’’لیو اٹ اپ‘‘پر پرفارم کرنے کیلیے منتخب کیے جانی والے گلوکارہ ایرا استریفی، ول اسمتھ اور نکی جام آفیشل نے پریس کانفرنس میں اپنے جذبات کا اظہار کیا لیکن منتظمین نے شائقین کا اشتیاق بڑھانے کیلیے پروگرام کی تفصیلات نہ جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

خیال کیا جارہا ہے کہ افتتاحی  تقریب کی طرح اس بار بھی دنیا بھر کے شائقین کو روسی کلچر اور عالمی فٹبال کے رنگوں سے سجا پروگرام دیکھنے کو ملے گا۔گلوکاری ایرا استریفی نے کہاکہ موسیقی کے ذریعے قوموں کو قریب لانا ایک شاندار تجربہ ہے،اس یادگار ایونٹ کا حصہ بننا میرے لیے بڑے اعزاز کی بات ہے،اختتامی تقریب شائقین کے دل جیت لے گی۔

ول اسمتھ نے کہا کہ فٹبال ورلڈکپ کھیلوں میں سب سے بڑا ایونٹ شمار کیا جاتا ہے،مجھے دعوت دی گئی تو ایک لمحے کیلیے بھی انکار کا نہیں سوچا،میرے لیے سب سے یادگار موقع کروشیا اور روس کے میچ میں پنالٹی شوٹ آؤٹ تھے۔

نک جام نے کہا کہ ورلڈکپ سونگ کا حصہ بن کر ایک خواب پورا ہورہا ہے،بھرپور اختتامی شو میں کئی حیران کن چیزیں ہونگی، ماسکو اسٹیڈیم میں موجود تماشائیوں کے ساتھ دنیا بھر میں ٹی وی ناظرین بھی اپنی نظریں نہیں ہٹا سکیں گے۔