|

وقتِ اشاعت :   July 15 – 2018

کوئٹہ :  نیشنل پارٹی کے ترجمان نے درینگڑھ مستونگ میں نوابزادہ سراج رئیسانی کے انتخابی جلسہ میں ہونیوالے خودکش حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ بے گناہ افراد کو نشانہ بنانے والے مسلمان تو کیا انسان کہلانے کے بھی مستحق نہیں ہیں۔

سینکڑوں افراد کو شہید اور زخمی کرنیوالے کسی بھی طرح سے کسی بھی رعایت اور رحم کے مستحق نہیں ،حکومت ایسے واقعات کے سدباب کیلئے موثر اقدامات اٹھائے اور انتخابی امیدواران انتخابی اجتماعات اور عوام کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے ٹھوس اقدامات اٹھائے ۔

ترجمان نے کہاکہ نوابزادہ سراج رئیسانی کی شہادت ساراوان ہاؤس کیلئے بہت بڑا سانحہ ہے ،نیشنل پارٹی رئیسانی خاندان اور تمام شہداء کے خاندانوں کے غم میں شریک ہے ،ترجمان نے تمام شہداء کے درجات کی بلند اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی ہے ۔

نیشنل پارٹی کے مرکزی ترجمان نے نیشنل پارٹی ڈیرہ بگٹی کے صدر محمد رفیق کلپر بگٹی کیخلاف انتقامی کاروائیوں اور انہیں سرکاری امیدوار کی جانب سے دھونس دھکمی کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ سرکاری پارٹی کے امیدوار زبردستی اور حکومتی رسوخ کی بنیاد پر ڈیرہ بگٹی میں سیاسی کارکنوں کی خلاف بے بنیاد الزامات کے تحت ان کیخلاف مقدمات درج کروانے کی کوشش کررہے ہیں ۔

ترجمان نے کہاکہ 13جولائی کو بگٹی کالونی میں سرکاری امیدوار کے مسلح افراد نے معززین اور خواتین پر تشد د کیا جب یہ واقع پیش آیا تھا نیشنل پارٹی کے ضلعی صدر محمد رفیق کلپر بگٹی عین اس وقت گوہرام بگٹی کیساتھ ڈیرہ بگٹی میں ملاقات کررہے تھے جس کا ثبوت سیکیورٹی فورسز کیساتھ چیک پوسٹ پر ان کی انٹری ہے لیکن اب مذکورہ سرکاری امیدوار مذکورہ واقع میں محمد رفیق کلپر کو ملوث کرنا چاہتے ہیں ۔

اس سے قبل بھی مذکورہ سرکاری امیدوار نے ضلعی صدر کیخلاف جھوٹی ایف آئی آر درج کرواچکی ہے ،ترجمان نے مطالبہ کیا ہے اس قسم کے ہتھکنڈوں سے پارٹی صدر اور کارکنوں کی سیاسی وابستگی تبدیل نہیں کروائی جاسکتی ،ترجمان نے مطالبہ کیا کہ حکومت اس قسم کے گھناؤنے اقدامات کا نوٹس لے اور محمد رفیق کلپر کو تحفظ دینے کیلئے سیکیورٹی فراہم کی جائے ۔