|

وقتِ اشاعت :   July 16 – 2018

اسلام آباد: مسلم لیگ (ن) کے رہنما سینیٹر پرویز رشید کا کہنا ہے کہ جو سہولت آصف زرداری اور فریال تالپور کو دی گئی ہم اس کی حمایت کرتے ہیں اور یہ سہولت نواز شریف کو بھی دی جائے۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے پرویز رشید کا کہنا تھا کہ عدالت نے کہا کہ انتخابات تک کسی کو انتخابی عمل میں حصہ لینے سے نہ روکا جائے اسی بنیاد پر آصف زرداری اور فریال تالپور کو سہولت عطا کی گئی ہے۔

سینیٹر پرویز رشید نے مطالبہ کیا کہ آصف زرداری اور فریال تالپور کو ملنے والی سہولت نواز شریف، مریم نواز، کیپٹن (ر) صفدر اور قمرالسلام کو بھی دی جائے۔

پرویز رشید نے کہا کہ قمرالسلام کے ساتھ ناانصافی چوہدری نثار کے حق میں ہوئی ہے۔

اس موقع پر مریم نواز کے وکیل امجد پرویز کا میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہنا تھا کہ احتساب عدالت کا فیصلہ قانون کے مطابق نہیں بلکہ قانون سے متصادم ہے، فیصلے کو کالعدم قرار دیاجانا انصاف کے مطابق ہوگا۔

امجد پرویز کے مطابق ہمارا کیس بہت مضبوط اور میرٹ پر ہے اور ہم ریلیف ملنے کی امید رکھنے میں حق بجانب ہیں۔

یاد رہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن (ر) محمد صفدر کی سزا کے خلاف اسلام آباد ہائیکورٹ میں اپیلیں دائر کردی گئی ہیں جس میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ اپیل پر فیصلے تک تمام مجرموں کو ضمانت دی جائے اور احتساب عدالت کا فیصلہ کالعدم قرار دیا جائے۔

احتساب عدالت نے 6 جولائی ایون فیلڈ ریفرنس کا فیصلہ سناتے ہوئے نواز شریف کو مجموعی طور پر 11، مریم نواز کو 8 اور کیپٹن (ر) محمد صفدر کو ایک سال قید کی سزا سنائی تھی۔