|

وقتِ اشاعت :   July 17 – 2018

کوئٹہ : وفاقی وزیر ریلوے محترمہ روشن خورشید بروچہ نے کہا ہے کہ سابق وزیر نے ر یلوے کی بحالی کے لئے بہت کام کیا ہے ہمیں دوسروں پر تنقید کرنے کی بجائے ان کے اچھے کاموں کو یاد کرنا چا ہئے محکمہ ریلوے عوام کو بہتر سفری سہولیات کی فراہمی کے لئے چلتن ایکسپریس اور بلوچستان ایکسپریس کی بحالی پر غور کر رہی ہے ۔

ہماری کوشش ہے کہ عوام کو سستے اور معیاری سفری سہولیات فراہم کریں اس لئے بولان میل کو جدید بو گیوں پر مشتمل ٹرین مہیا کی گئی ہے جس میں اے سی اور اکانوی کی بو گیاں شامل کی گئی ہیں جن میں پانی ، لائٹس کا بہتر طور پر بندوبست کیا گیا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے سوموار کی صبح بولان میل کی 10 جدید بوگیوں پر مشتمل ریک جس میں ایک بو گی اے سی سلیپر اور9 اکانوی بو گیوں پر مشتمل ہے کے افتتاح کے موقع پر میڈیا سے بات چیت کر تے ہے کیا ۔

اس موقع پر ڈی ایس ریلوے واصف علی مغل، ڈویژنل ٹرانسپوٹیشن افسر عابد قمر، ڈی ایم ای انوار کاکڑ، ڈی ای این ون عمران سعید، ڈی ای این ٹو شیخ ابرار ، ایس پی ریلوے پولیس اقبال مہر ،چیف کنٹرولر محمد کاشف سمیت دیگر بھی موجود تھے ۔

انہوں نے بتایا کہ سانحہ مستونگ کی وجہ سے بولان میل کے نئے ریک کے افتتاں کی تقریب کو سادگی سے منایا گیا ہے مذکورہ ٹرین کوئٹہ سے روانہ ہو کر مچھ، آبِ گم، سبی، ڈیرہ مراد جمالی، ڈیرہ اللہ یار، جیکب آباد، شکار پور، لاڑکانہ، دادو، سیہون شریف اور کوٹری جنکشن سے ساڑھے آٹھ سو سے زائد کلومیٹر کا فاصلہ طے کر کے کراچی پہنچے گی اور بلوچستان کے ان اہم ترین شہروں کے رہائشیوں کو اکانوی اور لوئر اے سی میں بہترین سفری سہولتیں فراہم کرتی ہے۔ 

پاکستان ریلوے کوئٹہ سے چلنے والی ٹرین جعفرایکسپریس کو پہلے ہی اپ گریڈ کیا جاچکا ہے جبکہ اکبر ایکسپریس کے تمام ریکس کی اپ گریڈیشن بھی پاکستان ریلوے کی ٹرینوں کی اپ گریڈیشن کے حوالے سے تیار کئے گئے شیڈول کا ترجیحی بنیادوں پر حصہ ہے پاکستان ریلوے گوادر کو ریل نیٹ ورک کا حصہ بنا رہا ہے جس کی ابتدا کرتے ہوئے گوادر میں ریلوے اسٹیشن، یارڈ اور دیگر اہم تنصیبات کے لئے جگہ خرید لی گئی ہے۔

دوسری طرف کوئٹہ کو پشاور سے براہ راست ملانے کے لئے ریلوے لائن بچھانے کی فزیبیلیٹی رپورٹ بھی مکمل کی جا چکی ہے، اس منصوبے سے کوئٹہ سے پشاور کے درمیان فاصلہ محض9 گھنٹوں میں طے کیا جا سکے گا پاکستان ریلوے سبی ہرنائی سکیشن کی بحالی کو بھی اربوں روپوں کے فنڈز سے مکمل کر رہا ہے اور اس سلسلے میں پاک فوج کے تعاون اور خدمات کا خصوصی طور پر مشکور ہے سبی ہرنائی سیکشن پر ٹریک اور مختلف پلوں کو تخریب کاروں نے دس برس پہلے بم دھماکے کر کے تباہ کر دیا تھا۔

پاکستان ریلوے سبی کے ریلوے اسٹیشن کو اپ گریڈ کر رہا ہے جبکہ ہرنائی کے سٹیٹ آف دی آرٹ نئے ریلوے اسٹیشن کی تعمیر بھی آخری مراحل میں ہے پاکستان ریلوے کوئٹہ زاہدان سیکشن کی اپ گریڈیشن پر بھی کام کر رہا ہے اور ایرانی حکومت کے تعاون سے اس سیکشن کی اپ گریڈیشن کے معاملات کو جلد پایہ تکمیل تک پہنچانے کے لئے ایک جوائنٹ ورکنگ گروپ تشکیل دیا گیا ہے جس کے ارکان کی نامزدگی چئیرمین پاکستان ریلوے کی طرف سے کی جا چکی ہے ۔

پاکستان ریلوے نے بولان میل کو نئے دور کے تقاضوں کے مطابق، اپ گریڈیشن کے نئے سٹینڈرڈز کو مدنظر رکھتے ہوئے اپ گریڈ کیا ہے جس کے بعد اس ٹرین میں مسافروں کو آرام دہ اور باسہولت سفر کو یقینی بنایا جائے گا۔ پاکستان ریلوے اس سے پہلے ڈیڑھ درجن سے زائد اہم ٹرینوں کے 48کے لگ بھگ ریک اپ گریڈ کر چکا ہے۔