کوئٹہ: چیف آف سراوان نواب محمد اسلم خان رئیسانی نے کہا ہے کہ میرے بھائی کی لاش پر سیاست کرنے والوں کو تنبیہ کرتا ہوں کہ وہ اپنی سیاست کے ڈبے کو سراوان ہاؤس سے کہیں دور جاکر رکھیں ہم انہیں اپنی سیاسی دکانداری چمکانے کی ہر گز اجازت نہیں دیں گے ۔
سانحہ مستونگ کے بعد اپنا ایک پالیسی بیان دیتے ہوئے نواب محمد اسلم رئیسانی نے کہا کہ میرے خاندان اور قبیلے نے بہت قربانیاں دی ہیں ہمیں کسی سے کوئی سرٹیفکیٹ لینے کی ضرورت نہیں میرے بھائی کی لاش پر جس طرح کچھ لوگ اپنی سیاست چمکا رہے ہیں ان کو کہتا ہوں کہ وہ باز آجائیں اپنے بھائی کی لاش کو کسی کی سیاسی دکانداری کے لئے شوپیس نہیں بنانا چاہتا اس دکھ اور کرب کی گھڑی میں ہمیں مزید اپنی گھٹیا سیاست کا حصہ نہ بنائیں ۔
انہوں نے کہا کہ ان کو سیاست اور الیکشن میں جیتنے کی آس لگی ہے وہ اپنی دکان کو ساراوان ہاؤس سے دور جاکر لگائیں ہمیں ان کی فتح اور شکست سے کوئی غرض نہیں آگ جہاں لگتی ہے تپش وہی پر ہوتی ہے ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت دہشت گردی کو اس ملک میں پروان چڑھایا جارہا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ کچھ لوگوں کی یہ بھول ہے کہ وہ اپنی منفی سیاست کے ذریعے رئیسانی قبیلے میں یا ہمارے خاندان میں دراڑیں پیدا کر سکتے ہیں یہ ان کی بھول ہے ہم آج بھی اپنے دوست اور دشمن کو اچھی طرح پہنچاتے ہیں اور جنہوں نے ہماری پیٹ پیچھے وار کیا ہے جلد ان کو بے نقاب کریں گے ۔
سیاست کو آج بھی عبادت کی طرح سمجھتے ہیں میرے والد اور تمام بھائیوں کی سیاست اصول پر مبنی رہی نہ کبھی بکے نہ کبھی جھکے کچھ لوگ اپنی منفی سیاست کو سراوان ہاؤس میں لانے کی سازشیں کررہے ہیں ان کی سازشوں کو ناکام کریں گے ہم اپنے گھر اور قبیلہ کا دفاع کرنا اچھی طرح جانتے ہیں ۔
کسی سے سرٹیفکیٹ کی ضرورت نہیں ،میرے بھائی کی لاش پر سیاست چمکانے والے باز آجائیں، نواب اسلم رئیسانی
وقتِ اشاعت : July 17 – 2018