انتخابی مہم کے دوران سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کے قافلے پر مشتعل افراد نے پتھراؤ کردیا تاہم سابق وزیراعظم اس واقعے میں محفوظ رہے ہیں۔
سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی یوسی گہل کے علاقہ کوہٹی کاکڑائی میں انتخابی مہم کے سلسلے میں پہنچے تو بعض مشتعل افراد نے ان کے قافلے پر پتھراؤ کردیا، سنگ باری کرنے والے افراد مقامی سطح پر بنیادی سہولیات کی عدم فراہمی اور ترقیاتی کام نہ ہونے پر مشتعل تھے۔
پتھراؤ کے باعث قافلے میں شامل ایک نوجوان زخمی ہوا جس کی شناخت بشارت عباسی کے نام سے ہوئی ہے جب کہ اس واقعے میں سابق وزیراعظم محفوظ رہے ہیں۔
عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ جیسے ہی شاہد خاقان عباسی کا قافلہ کارنر میٹنگ کے لیے رُکا تو چند نوجوانوں نے پتھراؤ کردیا اور ’چور آیا چور آیا‘ کے نعرے لگائے، سابق وزیراعظم کو پولیس اور پارٹی کارکنان باحفاظت لے گئے۔
واقعے کے بعد علاقے میں کشیدگی پائی جاتی ہے اور کسی بھی ناخشگوار صورتحال سے نمٹنے کے لیے پولیس کی بھاری نفری تعینات کردی گئی ہے۔
واضح رہے کہ چند روز قبل پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو کی لیاری میں ریلی پر بھی مشتعل افراد نے پتھراؤ کرکے پسماندگی پر احتجاج کیا تھا جب کہ دیگر امیدواروں کو بھی ووٹرز کی جانب سے کڑے سوالوں کا سامنا ہے۔