|

وقتِ اشاعت :   July 20 – 2018

حب : صوبائی اسمبلی کی نشست حلقہ پی بی 9 کے آزاد امیدوار نواب گزین مری کی نظر بندی کے خلاف لسبیلہ پریس کلب کے سامنے مری قبائل کے افراد نے احتجاجی مظاہرہ کیا احتجاجی مظاہرین نے ہاتھوں میں بینرز اور کتبے اٹھا ہوئے تھے جن پر نواب گزین مری کی نظر بندی کے خلاف نعرے درج تھے ۔

اس موقع پر مظاہرین سخت نعرے بازی بھی کررہے تھے اس سے قبل مری قبائلی کے شخصیات حاجی رحیم مری شاہنواز مری محمد یوسف مری اورماما کریم مری سمیت دیگر نے لسبیلہ پریس کلب حب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حلقہ پی بی 9سے آزاد امیدوار نواب گزین مری کو ایک منصوبے کے تحت انتخابی عمل سے دور رکھنے کے لئے انھیں نظر بند کردیا ہے اور اسے الیکشن مہم سے دور رکھا گیا ۔

جوکہ جمہوری عمل کے تقاضوں کے عین مطابق نہیں جبکہ مد مقابل امیدوار ان کے بھائی نواب چنگیز مری کو آزادانہ طریقے اپنی الیکشن مہم چلارہے ہیں انہوں نے کہا کہ یہ نہ صرف جمہوری روایات کے منافی بلکہ ایسے عمل سے جمہوری عمل نقصان پہنچے گا۔

انہوں نے کہا کہ سب کویہ حق حاصل ہے کہ وہ آزادانہ طور پر اپنی انتخابی مہم میں حصہ لیں اور کامیابی کے لئے اپنی کوشش کریں نواب گزین مری کو ہائی کورٹ نے اجازت بھی دے دیا کہ وہ الیکشن لڑیں اس کے باوجود انھیں نظر بند کرنا سمجھ سے بالاتر ہے۔

انہوں نے کہا کہ نواب گزین مری کو الیکشن کمپین کی اجازت دی جائے وہ عوام کی خواہش پر وہ الیکشن میں حصہ لے رہے ہیں عوام انھیں ووٹ دینا چاہتی ہیں لیکن عوام کو اپنا نمائندہ منتخب کرنے میں رکاوٹیں حائل کی جارہی ہے جوغیر جمہوری عمل ہے ۔

انہوں نے کہا کہ الیکشن میں حصہ لینا جمہوریت کا حصہ ہے انہوں نے کہا کہ یہ جمہوریت کے منافی ہے کہ ایک حلقے میں باقی سب الیکشن کمپین چلارہے ہیں صرف نواب گزین مری کی نظربندہے ہم سمجھتے ہیں کہ جمہوری عمل کی خلاف ورزی ہے ۔

مری برادری کے معززین نے چیف جسٹس آف پاکستان آرمی چیف سمیت نگراں صوبائی حکومت سے اپیل کی ہے کہ نواب گزین مری کی نظربندی فورا ختم کرکے ایک جمہوری طریقے سے انکو الیکشن کمپین چلانے کی اجازت دی جائے ۔۔۔ اس موقع پر مری برادری کے لوگوں کی کثیرتعداد موجود تھی۔