راولپنڈی: سابق وزیراعظم نوازشریف کے داماد کیپٹن (ر) صفدر کی طبیعت اچانک خراب ہوگئی اور انہیں اسپتال منتقل کرنے کے لئے ایمبولینس جیل پہنچ گئی۔
راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں قید سابق وزیراعظم نوازشریف کے داماد کیپٹن (ر) صفدر کی طبیعت اچانک خراب ہوگئی، ذرائع کا کہنا ہے کہ کیپٹن (ر) صفدر کی طبیعت اس وقت خراب ہوئی جب وہ اپنی قانونی ٹیم سے ایون فیلڈ کیس میں سزا اور دیگر مقدمات پر مشاورت کررہے تھے۔
جیل انتظامیہ کے مطابق کیپٹن (ر) صفدر کی طبیعت خراب ہونے کے باعث ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز اسپتال راولپنڈی سے ڈاکٹرز طلب کرلئے گئے ہیں جبکہ ریسکیو 1122 کی ایمبولینس بھی جیل میں آچکی ہے تاہم ڈاکٹروں کے مشورے کے بعد ہی انہیں اسپتال منتقل کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ ایون فیلڈ ریفرنس میں کیپٹن (ر) صفدر کو ایک برس قید کی سزا سنائی گئی ہے اور وہ 8 جولائی سے اڈیالہ میں قید ہیں۔