الیکشن کمیشن آف پاکستان نے مسلم لیگ (ن) کے امیدوار حنیف عباسی کی نااہلی کے بعد این اے 60 راولپنڈی میں انتخابات مؤخر کردیئے ہیں۔
گزشتہ روز انسداد منشیات کی عدالت نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے امیدوار حنیف عباسی کو ایفیڈرین کیس میں عمر قید کی سزا سنائی تھی جس کے ساتھ ہی وہ انتخابات میں بھی حصہ لینے کے لیے نااہل ہوگئے تھے۔
حنیف عباسی این اے 60 راولپنڈی سے مسلم لیگ (ن) کے امیدوار تھے جن کی سزا کے بعد اب الیکشن کمیشن نے این اے 60 میں انتخابات مؤخر کردیئے ہیں۔
الیکشن کمیشن کے مطابق حلقے میں دوبارہ الیکشن کے شیڈول کااعلان بعد میں کیا جائے گا جب کہ حنیف عباسی کو سزا کے باعث انتخابات مؤخر کیےگئے ہیں۔
الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ ایک امیدوار کے الیکشن سے باہر ہونے پر تمام جماعتوں کو یکساں مواقع نہیں مل رہے۔
یاد رہے کہ این 60 میں حنیف عباسی کا مقابلہ عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید سے تھا۔