چمن : پشتونخواملی عوامی پارٹی کے چےئرمین محترم مشر محمود خان اچکزئی نے کہا ہے کہ عوام کو اپنی مرضی سے اپنے نمائندے منتخب کرنے کا آزادانہ موقع دیا جائے اگر انتخابات میں مداخلت کی گئی تو اس کے انتہائی خطرناک نتائج برآمد ہونگے اور پھر دما دم مست قلندر ہوگا ۔
پشتونخوامیپ کا راستہ روکنے کیلئے مختلف حربے استعما ل کےئے جارہے ہیں جو کسی صورت قابل قبول نہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پشتونخوامیپ کے مرکزی کمیٹی کے رکن حاجی سیف اللہ عشے زئی کی رہائش گاہ پر میڈیا کے نمائندوں اور پارٹی کارکنوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے کہا کہ متعلقہ اداروں کی آئینی وقانونی ذمہ داری ہے کہ وہ عوام کیلئے ایک پر امن ، آزادانہ اور غیر جانبدارانہ ماحول فراہم کرے جہاں عوام اپنی مرضی سے اپنے نمائندوں کا انتخاب کریں جو ان کا بنیادی حق ہے ہم یہ درخواست کرتے ہیں کہ ہم اس ملک کے باشندے ہیں لوگوں کو چھوڑیں کہ وہ اپنی مرضی سے ووٹ ڈالیں اور ہمیں اپنی قومی جدوجہد اور اہداف کے حصول سے نہ روکا جائیں اور نہ ہمارے ہاتھ مروڑے جائیں۔
کیونکہ ماضی میں اس طرح کے تلخ تجربات نے اس ملک کو دو لخت کیا اور اب پھر سے یہ ملک ایسے تجربوں کا متحمل نہیں ہوسکتا۔ لہٰذا مقتدر قوتوں کی جانب سے انتخابات میں کسی قسم کی مداخلت ملک کیلئے نیگ شگون نہیں۔
انہوں نے کہا کہ پشتون قوم کے تمام شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے لوگوں کو یہ سوچنا ہوگا کہ ہمارا قصور کیا ہے 40سال سے ہم ناروا جنگ مسلط کی گئی ہے اور افغانوں کو جنگ میں دھکیلا گیا ہے دنیا کی تاریخ میں کسی بھی ملک میں اتنی طویل جنگ نہیں لڑی گئی ۔
پشتونخوامیپ نے اپنے وطن اور قوم کی دفاع میں کسی قربانی سے دریغ نہیں کیا ۔انہوں نے کہا کہ ہمارا گناہ یہ ہے کہ پشتونخواوطن میں دنیا جہاں کی قدرتی نعمتیں موجود ہیں اور لوگ اس پر قبضہ کرنے کی ناروا کوششوں میں مصروف ہے اور ہم اس کا دفاع کررہے ہیں۔
پاکستان ہمارا ملک ہے قرآن کی آیت کا ترجمہ ہے کہ ’’ اچھا مومن وہ ہے جو چیز اپنے لےئے پسند کرتا ہے وہ اپنے بھائی کیلئے پسند کرتا ہے‘‘ ۔ پشتونخوامیپ جو حقوق اپنے عوام کیلئے چاہتی ہے وہی حقوق عزت وقار بلوچ ، سندھی ،سرائیکی اور پنجابی کیلئے بھی چاہتی ہے ۔
عوام کو مرضی سے اپنے نمائندے منتخب کرنیکا موقع دیا جائے، محمود اچکزئی
وقتِ اشاعت : July 22 – 2018