خضدار: بلوچستان نیشنل پارٹی عوامی کے قائد و بلوچستان اسمبلی کے حلقہ پی بی38و39سے پارٹی کے نامزد امیدوار میر اسرار اللہ زہری نے کہا ہے کہ انتخابات میں کامیابی حاصل کرکے سب سے پہلے نوجوانوں کو روزگار فراہم کریں گے۔ اٹھارویں ترمیم کے بعد صوبے میں وسائل کی کمی نہیں اصل مسئلہ ناقص حکمرانی کا ہے۔
اختیارات کی صوبوں کو منتقلی کے باوجود عوامی مسائل میں کمی نہ ہونا بد قسمتی سے کم نہیں۔ اگر صوبے کی وسائل صحیح معنوں میں خرچ کےئے جائیں تو غربت اور بے روزگاری میں کمی لائی جاسکتی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے زہری ہاؤس خضدار میں مختلف عوامی وفود سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے کہا کہ ووٹ ڈالنا ایک قومی فریضہ ہے۔ عوام کو ووٹ کی اہمیت کو سمجھنا ہوگا ،ووٹ کی پرچی کے ذریعے ہی کرپٹ اور مفاد پرست عناصر کا راستہ روکا جاسکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ دنیا بہت تیزی کے ساتھ ترقی کر رہی ہے ہمیں بھی اپنی سوچ میں تبدیلی لاناہوگی۔روایتی سوچ کے ذریعے ہم دیگر اقوام کا مقابلہ نہیں کرسکتے۔مسائل کے حل کے لےئے صحیح نمائندوں کا انتخاب ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ بے روزگاری صوبے کا سب سے بڑا مسئلہ ہے جس کی وجہ سے نوجوانوں میں مایوسی پھیل رہی ہے۔ہم نے ماضی میں بھی اقتدار میں آکر بلا تفریق نوجوانوں کو ملازمتیں دی ہیں پچیس جولائی کو کامیابی حاصل کرکے سب سے پہلے بے روزگاری پر قابو پانے کی کوشش کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ اٹھارویں ترمیم کی منظوری کے بعد صوبے کی وسائل میں بے پناہ اضافہ ہوا ہے جبکہ صوبائی اور وفاقی اداروں میں ہزاروں آسامیاں خالی ہیں لیکن اس کے باوجود نوجوان ملازمتوں سے محروم ہیں۔اصل مسئلہ وسائل کی کمی کا نہیں بلکہ کمزور عوامی نمائندگی اور ناقص حکمرانی کا ہے۔ترقی و خوشحالی کے لےئے صحیح نمائندوں کا انتخاب ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ بی این پی عوامی کو صوبہ بھر میں بھر پور عوامی حمایت حاصل ہے پچیس جولائی کے انتخابات میں کامیابی حاصل کرکے غریب عوام کی صحیح معنوں میں نمائندگی کریں گے۔
انہوں نے بی این پی عوامی کی کارکنوں،ہمدردوں اورووٹروں سے اپیل کی ہے کہ پچیس جولائی کے انتخابات میں بی این پی عوامی کے تمام نامزد امیدواروں کی کامیابی کے لےئے دن رات جدوجہد کریں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ عوام اپنے حق رائے دہی سے محروم نہ رہ جائیں ۔
اختیارات کی صوبوں کو منتقلی کے باوجود مسائل کا حل نہ ہونا بد قسمتی ہے ، اسرار زہری
وقتِ اشاعت : July 23 – 2018