|

وقتِ اشاعت :   July 24 – 2018

کوئٹہ : عوام سے 155 ملین روپے کا فراڈ ، نیب بلوچستان کی انٹیلی جنس ٹیم نے کامیاب آپریشن کرتے ہوئے برادرز انٹر نیشنل فرم کے مفرور مالک جاوید اکرم کو راولپنڈی سے گرفتار کر لیا۔

برادر ز انٹر نیشنل فرم کے مالکان نے ملکر سینکڑوں لوگوں کو سٹاک ایکسچینج میں شئیرز کے کاروبار میں منافع کا جھانسہ دیکر کروڑوں روپوں سے محروم کیا۔تحقیقات کے مطابق ملزمان نادر تحسین، عامر تحسین ، بابر تحسین، جاوید اکرم اور خالد اکرم نے چند سال پہلے برادرز انٹر نیشنل کے نام سے ایک فرم بنائی، ملزمان نے کاروبار کی آڑ میں سادہ لوح لوگوں سے سٹاک ایکسچینج میں سرمایہ کاری اور منافع کا لالچ دیکر کروڑوں روپے جمع کرنا شروع کئے۔ 

جب جھانسے میں آنے والے لوگوں کی تعداد کئی سو تک پہنچی تو ملزمان فرم بند کر کے رو پوش ہو گئے۔دھوکہ دہی کے کیس کاجب عقدہ کھلا تو مذکورہ فرم کے ہاتھوں لٹنے والے 250 متاثرین نے نیب سے رجوع کیا۔ جس پر ڈپٹی ڈائر یکٹر فیاض افضل کی سربراہی میں قومی احتساب بیورو کی ٹیم نے ملزمان کے خلاف ثبوت اکھٹے کر کے ریفرنس عدالت میں دائرکر دیا۔

نیب کی تحقیقات کی روشنی میں احتساب عدالت نے ملزمان کے نا قابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کئے ، تاہم ملزمان کی عدم پیشی پر عدالت نے ملزمان کو اشتہاری قرار دے دیاجس پر نیب نے چند ماہ قبل برادرز انٹر نیشنل فرم کے مفرور مالک خالد اکرم کو ملتان سے گرفتار کیا۔

دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لئے نیب کی انٹیلی جنس ٹیم نے ملزم کی تلاش جاری رکھی اور راولپنڈی میں ملزم کی موجودگی کی اطلاع پر آپریشن کرتے ہوئے کیس کے مرکزی کردار جاوید اکرم کو بھی حراست میں لے لیا۔ احتساب عدالت راولپندی سے ملزم کا حفاظتی ریمانڈ حاصل کیا گیا ہے جبکہ کل احتساب عدالت کوئٹہ پیش کیا جا ےٗگا ۔

واضح رہے ڈی جی نیب بلوچستان مرزا محمد عرفان بیگ کی خصوصی ہدایات پر گزشتہ چند ماہ کے دوران شعیب شیخ کی سربراہی میں انٹیلی جنس ٹیم نے صوبہ سندھ، پنجاب اور خیبر پختونخواہ کے دوردراز علاقوں سے متعدد کیسز کے مفرور اور اشتہاری ملزمان کو گرفتار کرکے عدالت پیش کیا۔