|

وقتِ اشاعت :   July 26 – 2018

 لاہور: الیکشن کمیشن نے انتخابی نتائج میں تاخیر کی وجہ بننے والے آر ٹی ایس سسٹم اور موبائل ایپ تیارکرنے والوں کے خلاف تحقیقات کا فیصلہ کیا ہے۔

الیکشن کمیشن ذرائع کے مطابق الیکشن کے نتائج بروقت مرتب نہ ہونے کی ایک بڑی رزلٹ ٹرانسمیشن سسٹم کا فیل ہونا بھی ہے، پریذائڈنگ افسروں کو آرٹی ایس موبائل ایپ کے ذریعے جمع کروانا تھا مگر یہ ایپ کارکردگی دکھانے میں ناکام رہی، یہ ایپ نادرا نے تیارکی تھی اورکہا جارہا ہے کہ اس کی تیاری میں پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی نے معاونت کی تھی تاہم ای ٹی بی پی کے چیئرمین ڈاکٹر عمر سیف کا کہنا ہے یہ ایپ نا تو ان کے ادارے نے تیار کی ہے اور نہ ہی انہوں نے اس حوالے سے کوئی معاونت فراہم کی ہے۔

آر ٹی ایس سسٹم کے فیل ہونے کی وجہ سے انتخابی نتائج کی شفافیت پرسوال اٹھائے جارہے ہیں اورالیکشن نتائج کو متنازع بنایا جارہا ہے۔

واضح رہے کہ فروری 2018 میں ڈاکٹرعمر سیف نے سیکریٹری الیکشن کمیشن سے ملاقات کی تھی جس میں اس سسٹم میں معاونت پربات ہوئی تھی تاہم پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کا کہنا ہے کہ انہوں نے معاونت سے معذرت کی تھی اورایپ کی تیاری کے بعد اس میں ممکنہ خرابی کے بارے میں بھی الیکشن کمیشن کو پیشگی آگاہ کردیا گیا تھا لیکن اس کا کوئی نوٹس نہ لیا گیا۔