|

وقتِ اشاعت :   July 27 – 2018

کوئٹہ : نگران وزیراعلیٰ بلوچستان علاؤالدین مری نے ملک بھر میں انتخابی عمل کی احسن طریقے سے تکمیل پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ملک بھر بلخصوص بلوچستان کے نو منتخب عوامی نمائندوں کو مبارکباد پیش کی ہے جبکہ انہوں نے کہا ہے کہ بلوچستان کے عوام نے جمہوری عمل میں بھرپور حصہ لے کر جمہوریت اور پاکستان سے اپنی دلی وابستگی کا اظہار کیا جو ان کے باشعور اورمحب وطن ہونے کا مظہر ہے۔ 

اپنے ایک بیان میں وزیر اعلیٰ نے کہا ہے کہ پاکستان کی ترقی اور خوشحالی جمہوریت سے وابستہ ہے اور یقیناًجمہوری عمل کے نتیجے میں عوامی اعتماد حاصل کرنے والے نمائندگان جمہوریت کے استحکام اور ملک اور صوبے کی ترقی اور خوشحالی کے لئے اپنی بھرپور صلاحیتیں بروئے کار لائیں گے اور عوام نے ان پر جس اعتماد کا اظہار کیا ہے وہ اس پر پورا اتریں گے۔

انہوں نے کہا کہ جمہوریت کا تسلسل اور جمہوری اداروں کی مضبوطی وہ واحد راستہ ہے جس پر چل کے پاکستان کو درپیش چیلنجز سے نمٹا جاسکتا ہے بلخصوص معاشی انصاف کے ذریعے غربت کا خاتمہ کیا جاسکتا ہے۔ 

وزیر اعلیٰ نے اس یقین کا اظہار کیا ہے کہ پارلیمنٹ میں نمائندگی رکھنے والی جماعتیں سیاسی مفادات سے بالاتر ہو کر قومی یکجہتی کے فروغ، معاشی و اقتصادی استحکام کے حصول اور دہشت گردی جیسے مسئلے سے نمٹنے کے لئے اپنا بھرپور کردار ادا کریں گی ۔

جبکہ بلوچستان میں قائم ہونے والی حکومت صوبے سے پسماندگی کے خاتمے وسائل کے بہترین استعمال اور گڈ گورننس کے ذریعے بدعنوانی کے خاتمے کو اپنی ترجیحات کا حصہ بنائے گی، وزیر اعلیٰ نے نومنتخب اراکین اسمبلی کی کامیابی کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔