حب : بلوچستان عوامی پارٹی کے سربراہ جام آف لسبیلہ جام میر کمال خان اور بلوچستان نیشنل پارٹی کے سربراہ سردار اختر جان مینگل جمعے کے روزعلیحدہ علیحدہ ریٹرننگ آفیسر حب کے دفتر پہنچ گئے ۔
دونوں پارٹیوں کے دونوں صوبائی سربراہوں نے ریٹرننگ آفیسر حب کوحالیہ انتخابات میں اپنے حلقے کے ووٹوں سے متعلق الگ الگ اپنے تحفظات سے آگاہ کیا اور سردار اختر مینگل نے متعلقہ ریٹرننگ آفیسر کوایک درخواست دی ہے جس میں امیدواروں کے پولنگ ایجنٹس کو فارم45فراہم کرنے کی استدعاکی گئی ہے جو ریٹرننگ آفیسر نے منظور کرلی ۔
درخواست میں سردار اختر مینگل نے ووٹوں کی دوبارہ چیکنگ اور دوبارہ گنتی کی درخواست بھی دی اس درخواست کو بھی ریٹرننگ آفیسر نے منظور کرلیا ۔ قبل ازیں حالیہ انتخابات میں بیلہ اور اوتھل پر مشتمل بلوچستان صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی بی 50سے بلوچستان عوامی پارٹی کے ٹکٹ پر صوبائی اسمبلی کے رکن منتخب ہونے والے باپ پارٹی کے سربراہ جام آف لسبیلہ نواب جام میر کمال خان نے کہا ہے کہ بلوچستان میں ہماری پارٹی دیگر پارلیمانی پارٹیوں سے مل کر صوبے میں آئندہ مخلوط حکومت بنائے گی ۔
جمعے کو ریٹرننگ آفیسر حب کے دفتر میں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کے دوران انہوں نے کہا کہ مرکز میں پی ٹی آئی کا حکومت بنانا اور عمران خان کاوزیر اعظم بننا نیک شگون ہے ۔ ایک سوال کے جواب میں نواب جام میر کمال خان نے کہا کہ بلوچستان کے عوام کے مفاد ات کے خاطرہم نے ہمیشہ مرکز سے اچھے تعلقات رکھے ہیں ۔
علاوہ ازیں بلوچستان عوامی پارٹی کے سربراہ نواب جام میرکمال خا ن اور بلوچستان نیشنل پارٹی کے سربراہ سردار اختر مینگل کی ریٹرننگ آفیسر کے دفتر آمد کے موقع پر سیشن کورٹ حب کے احاطے کے اندر اور باہر دونوں پارٹیوں کے کارکنوں کی بہت بڑی تعداد اپنی اپنی پارٹیوں کے جھنڈوں کے ہمراہ موقع پر موجود تھی ۔
اختر مینگل و جام کمال کی ریٹرننگ آفیسر حب کے دفتر آمد شکایات در ج کرادیئے
وقتِ اشاعت : July 28 – 2018