ژوب: پاکستان مسلم لیگ بلوچستان کے صدر و سابق صوبائی وزیر شیخ جعفرخان مندوخیل نے کہا ہے کہ حالیہ الیکشن نہ صرف ژوب بلکہ ہر حلقے پر مشکوک ہوچکے ہیں سیاسی قائدین کو ایک منصوبے کے تحت ہرایا جارہا ہے زندگی میں پہلی بار ایسا الیکشن دیکھ رہا ہوں کہ تین دن سے الیکشن کمیشن کامیاب امیدواروں کا فیصلہ نہیں کر پارہے ہیں نتائج باربار تبدیل ہوتے جارہے ہیں اوراس طرز عمل کی وجہ سے لوگ اب کھلے عام انگلیاں اٹھارہے ہیں۔
جعفر مندوخیل نے کہا کہ میرے ساتھ ہونے والی زیادتی کو تمام لوگ سمجھ چکے ہیں آج میں نے ایجنٹس کا اجلاس بلایا تو عجیب و غریب انکشافات سامنے آگئے کہ پول شدہ ووٹ جو پولنگ ایجنٹس کے پاس لسٹ میں تھے اس سے کئی گناہ زیادہ ووٹ سابقہ پی بی 18حلقہ میں گنی کے دوران سامنے آئے سابقہ پی بی 18حلقہ میں ہمارے کسی ایجنٹ کو فارم 45نہیں دیا گیا اور دوسری اہم چیز یہ سامنے آئی کہ پولنگ ایجنٹس کو گنتی کے دوران باہر نکالا گیا۔
میرا سوال یہ ہے کہ اتنے دوگنے ووٹ کہاں سے میرے حلقے میں آگئے کیا یہ ووٹ جنات نے ڈالے ۔جعفر مندوخیل نے کہا کہ یہ اچھی روایت نہیں میرے آباؤ اجداد نے اس وطن کی ہمیشہ خدمت کی ہے میں نے تیس سالہ سیاسی زندگی میں وطن سے محبت اور خدمت کو جاری رکھا شاید وطن سے محبت کی سزا دی گئی ہے ۔
جعفر مندوخیل نے کہا کہ ہارنے سے میرا سیاسی کیرئیر ختم نہیں ہوا ژوب کی ترقی اورعوام کی خدمت بغیراسمبلی کے کرکے دکھاؤں گا ہم نے کبھی وزارت سے محبت نہیں کی ہارنے کا کوئی دکھ نہیں ہے دکھ صرف سزا دینے کا ہے اور ایسی غلط روایات کسی محب وطن سیاسی رہنما کے ساتھ سرزد ہونے پرانکی سوچ کی تبدیلی بھی ممکن ہوسکتی ہے۔
سیاسی قائدین کو ایک منظم منصوبے کے تحت ایوانوں سے باہر کیا ،جعفر مندوخیل
وقتِ اشاعت : July 29 – 2018