اسلام آباد: سابق وزیراعلیٰ سندھ علی محمد مہر نے تحریک انصاف میں شمولیت کا فیصلہ کرلیا ہے۔
نو منتخب آزاد رکن قومی اسمبلی سردار علی محمد مہر نے تحریک انصاف میں شمولیت کا فیصلہ کرلیا ہے، گھوٹکی کے حلقہ این اے 205 سے آزاد حیثیت سے جیتنے والے سردارعلی محمد مہر 2002 میں سندھ کے وزیراعلیٰ رہ چکے ہیں، جب کہ وہ 3 بار قومی اور ایک بار صوبائی اسمبلی کے رکن بھی منتخب ہوچکے ہیں۔
ذرائع کے مطابق تحریک انصاف کے عارف علوی اور دیگر رہنماؤں نے علی محمد مہر کو اپنی جماعت میں شمولیت کی دعوت دی تھی، جس پر لبیک کہتے ہوئے سابق وزیراعلیٰ سندھ عمران خان سے ملاقات کے لئے اسلام آباد روانہ ہوگئے ہیں۔
دوسری جانب نو منتخب آزاد رکن پنجاب اسمبلی سعید الحسن شاہ نے بھی تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کردیا ہے، ظفروال کے حلقہ پی پی 46 سے آزاد حیثیت سے کامیاب ہونے والے پیر سعید الحسن شاہ نے بنی گالا میں عمران خان سے ملاقات کے بعد پی ٹی آئی میں شمولیت کا باقاعدہ اعلان کیا۔
ذرائع کے مطابق تحریک انصاف کے رہنماؤں سینیٹر چوہدری سرور اور نومنتخب ایم این اے راجہ ریاض نے نو منتخب آزاد ارکانِ پنجاب اسمبلی مولانا معاویہ اعظم اور اسلم بھروانہ سے ملاقات کی ہے اور انہیں پی ٹی آئی میں شمولیت کی دعوت دی ہے۔ مولانا معاویہ اعظم نے پی پی 126 جب کہ اسلم بھروانہ نے پی پی 127 سے آزاد حیثیت سے پنجاب اسمبلی تک رسائی حاصل کی ہے۔