اسلام آباد: پیپلزپارٹی کے رہنما سید خورشید شاہ کا کہنا ہے کہ عمران خان وزیراعظم بننے کے بعد اسپیکر ہاؤس میں رہائش اختیار نہیں کر سکتے۔
اسلام آباد میں میڈیا سے غیررسمی گفتگو کرتے ہوئے پیپلزپارٹی خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ اسپیکر ہاؤس پارلیمنٹ کی پراپرٹی ہے، پارلیمنٹ کی پراپرٹی میں وزیراعظم نہیں آ سکتے، اسپیکر ہاؤس میں اسپیکر قومی اسمبلی کے علاوہ اور کوئی رہائش اختیار نہیں کر سکتا، عمران خان بھی وزیراعظم بننے کے بعد یہاں رہائش اختیار نہیں کرسکتے، وزیراعظم کے لئے اس کا اپنا گھر موجود ہے۔
متحدہ قومی موومنٹ پاکستان اور تحریک انصاف کے اتحاد کے حوالے سے خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم کی مرضی ہے، کیا لیا ہے کیا دیا ہے، ایم کیو ایم نے پی ٹی آئی کے ساتھ کیا معاہدہ کیا ہے آگے چل کر دیکھا جائے گا۔