|

وقتِ اشاعت :   August 3 – 2018

کوئٹہ: ڈرگ کورٹ کوئٹہ بلوچستان کے چیئرمین جناب مہتہ راجیش ناتھ کوہلی اورممبر ارسلاء خان نے ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی پاکستان کو بذریعہ مراسلہ حکم د یا ہے کہ وہ غیر معیاری ادویات سازی اور اس کی خریدوفروخت کیس میں نا مز د میسن نیچرل پیتھک فارماسیوٹیکل کمپنی پرائیویٹ لمیٹڈ کا ادویات سازی کا لائسنس منسو خ کرکے عدالت کو آگاہ کرے ۔

عدالت نے مذکورہ کمپنی کے محمد انور ،میڈی مارکر کمپنی کے عبدالشکور اور سٹی مارکیٹنگ کے توفیق احمد اور جاوید سمیت 5ملزمان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کے بھی احکامات دے دئیے ۔

جمعرات کے روز ڈرگ کورٹ کوئٹہ بلوچستان کے روبرو غیر معیاری ادویات سازی اور بلالائسنس اس کی خریدوفروخت سمیت دیگر کے مقدمات میں نامز ادویہ ساز کمپنیوں اور میڈیکل سٹور مالکان کے خلاف دائر مقدمات کی سماعت ہو ئی ۔

جس کے دوران عدالت نے میسن نیچرل پیتھک کمپنی کے خلاف دائر 4کیسز کی سماعت کی تاہم کیسز میں نامزد ملزم محمد انور عدالت کے روبرو پیش نہیں ہو ئے جس پر عدالت نے ان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی پاکستان کو بذریعہ مراسلہ حکم دیاکہ وہ مذکورہ کمپنی کالائسنس منسو خ کرکے عدالت کو آگاہ کرے ۔

عدالت نے میڈی مارکر ادویہ ساز کمپنی کے عبدالشکور سمیت ایک اور ملزم کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کئے تاہم کمپنی کی جانب سے نامزد ملزم محمد علی شیخ عدالت میں پیش ہوئے اس کے علاوہ ڈرگ کورٹ نے ملزمان توفیق احمد اور جاوید کے بھی عدم پیشی پر ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کے احکامات دے دئیے ہیں ۔جمعرات کے روز متعدد میڈیکل سٹورز مالکان کے خلاف دائر مقدمات کی بھی سماعت ہوئی ۔