|

وقتِ اشاعت :   August 4 – 2018

دالبندین: مشتہر آسامیوں نے بے روزگار نوجوانوں کی دوڑیں لگا دیں فوٹو اسٹیٹ مشین والوں اور ایجنٹوں کی چاندی تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز صوبائی محکمہ تعلیم پولیس محکمہ صحت اور دیگر محکموں کی جانب سے ضلع چاغی کے لئے جونیئر کلرک خاکروب چوکیدار اور دیگر آسامیوں کی مقامی اخبارات میں اشتہارات مشتہر کی گئیں اور خالی آسامیوں کو پر کرنے کیلئے اعلانات ہوئے جس کی خبر سنتے ہی ضلع چاغی کے بے روزگار و تعلیم یافتہ نوجوانوں کی دوڑیں لگ گئیں ۔

دالبندین سمیت دیگر علاقوں سے بڑی تعداد میں نوجوانوں نے فوٹو اسٹیٹ مشین والوں کی دکانوں کا رخ کر لیا اور دھڑا دھڑ اپنے کاغذات کی کاپیاں نکال کر درخواستیں جمع کرنا شروع کر دی دوسری جانب نو سر باز اور ایجنٹوں نے بھی بے روزگار نوجوانوں کو ملازمت کا جھانسہ دینے کیلئے انہیں لوٹنا شروع کر دیا ہے ۔

ضلع چاغی میں بڑھتی ہوئی بے روزگاری ایک لمحہ فکریہ بنتی جا رہی ہے اور کم وبیش 40 ہزار سے زائد تعلیم یافتہ بے روزگار نوجوان قسمت آزمائی میں مصروف ہیں چند ماہ قبل محکمہ بی اینڈ آر کی 100 سے زائد آسامیوں کیلئے 9000 سے زائد تعلیم یافتہ بے روزگار نوجوانوں نے اپنے اپنے کاغذات جمع کرادیئے مگر تاحال کچھ نہیں ہو سکا۔

بے روزگار نوجوان آسامیوں کی مشتہر اور بعد ازاں منسوخی سے سخت نالاں ہیں انہوں نے بتایا کہ اگر تقرریاں میرٹ پر ہوں تو انہیں کسی قسم کا اعتراض نہیں انہوں نے مطالبہ کیا ہے کہ ضلع چاغی کی خالی آسامیوں پر حقداروں کو بھرتی کر دیا جائے تاکہ کسی حق تلفی نہ ہو سکے