|

وقتِ اشاعت :   August 7 – 2018

تربت:  مکران میں ایک مہینے سے جاری بجلی تعطل کے بعد جزوی بحال، اس معاملے میں نومنتخب اراکین اسمبلی اور ضلع کونسل کیچ کے چیئرمین حاجی فدا حسین دشتی نے کافی کوششیں کی تھیں۔

ایران سے مکران ڈویژن کے لیئے سپلائی کی جارہی بجلی ایک مہینے کی تعطل کے بعد گزشتہ روز جزوی طو ر پر بہتر ہوگئی ہے ۔ دودنوں سے تربت سمیت مکران ڈویژن میں بجلی کی سپلائی چند اضافی گھنٹوں کے ساتھ بہتر کردی گئی ہے جبکہ تربت سمیت ضلع کیچ کے بیشتر علاقوں میں رات کے ساتھ اب دن کے اوقات میں بھی چند گھنٹوں کے لیئے بجلی کی سپلائی بحال ہوگئی ہے۔ 

یاد رہے کہ ایرا ن کی طرف سے جون کے آخری ہفتے میں مکران کو سپلائی کی جارہی بجلی بند کردی گئی تھی جسے بعد میں روزانہ دو سے تین گھنٹوں کے لیئے رات کے وقت مخصوص کردیاگیا تھا ۔ 

حالیہ الیکشن کے بعد نومنتخب رکن صوبائی اسمبلی حاجی اکبر آسکانی نے بجلی کے مسلے پر سب سے پہلے آواز اٹھائی اور پھرنگران وزیر اعلی بلوچستان علاؤالدین مری سے بھی ملاقات کی جبکہ بعد ازاں رکن صوبائی اسمبلی ظہور احمد بلیدی اور ضلع کونسل کیچ کے چیئرمین حاجی فدا حسین دشتی نے بھی اس معاملے میں چیف ایگزیکٹیو افیسر کیسکو بلوچستان عطاء اللہ بھٹہ سے کوئٹہ میں ملاقات کی تھی جس کے بعد دو گھنٹوں کی سپلائی بڑھا کر روزانہ آٹھ سے دس گھنٹے کردی گئی ہے۔