اسلام آباد: چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا ہے کہ بلوچستان کی ترقی و خوشحالی کیلئے قدرتی وسائل سے بھرپور استفادہ اور فروغ تعلیم ناگزیر ہے ۔
بلوچستان میں نوجوان نسل کے مستقبل کو روشن کرنے کیلئے مواقع موجود ہیں ضرورت اس امر کی ہے کہ نوجوان نسل تعلیم حاصل کر کے ان سے فائدہ اٹھائیں۔ ان خیالات کا اظہار چیئرمین سینیٹ نے بلوچستان سے تعلق رکھنے والے مختلف یونیورسٹیوں اور کالجوں کے 180 طلبا وطالبات اور فیکلٹی ممبران سے گزشتہ رات پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات کے دوران کیا ۔
چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ بلوچستان قدرتی وسائل کی دولت سے مالا مال ہے اور سی پیک منصوبہ جات سے بلوچستان کی عوام اور خاص طور پر پڑھے لکھی نوجوان نسل بھرپور استفادہ حاصل کر سکتی ہے ۔ اپنے مستقبل کو تابناک بنانے کیلئے نوجوان نسل کو آگے بڑھنے کے مقصد کو فروغ دینا ہوگا۔ تعلیم کا مقصد صرف سرکاری ملازمت کے حصول کیلئے نہیں ہونی چاہیے بلکہ شعور کو اجاگر کرنے اور معاملات کو سمجھنے کیلئے ہونا چاہیے ۔
انہوں نے کہاکہ نوجوان نسل کسی بھی ملک کا قیمتی اثاثہ ہوتے ہیں اور تعلیم یافتہ نوجوان قوم کی اُمیدوں اور خوابوں کو شرمندہ تعبیر کرنے کیلئے کلیدی کردار ادا کرتے ہیں ۔ محمد صادق سنجرانی نے طلبا وطالبات سے اپیل کی کہ اپنے اندر ’’میں‘‘ کے نظریے کو ختم کریں اور’’ میرا علاقہ‘‘ کے نعرے کو بدلنا ہوگا ۔
گوادر بلوچستان کی عوام کامستقبل ہے جس سے فائدہ اٹھا کر نہ صرف بلوچستان کی تقد یر بدلی جا سکتی ہے بلکہ پورے ملک میں ترقی و خوشحالی لائی جا سکتی ہے ۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ وہ جلد چین کا دورہ کریں گے اور بلوچستان کے طلبا وطالبات کیلئے 200 وظائف چین کی حکومت سے لائیں گے ۔
انہوں نے کہا کہ مکران ڈویژن سے فٹ بال کی ٹیم تیار کی جائے گی ۔ چیئرمین سینیٹ نے طلبا وطالبات کو بتایا کہ چین کے سفیر سے ملاقات کے دوران چین کے سفیر نے نوجوان نسل کوہنرمندی کی تعلیم دینے پر زور دیا تھا تاکہ وہ سی پیک منصوبے سے زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھا سکیں۔
میں نے چینی سفیر سے گوادر میں فٹ بال سٹیڈیم تعمیر کرنے کی بات بھی کی ۔چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا کہ ایوان بالاء نے نوجوان نسل کی حوصلہ افزائی کیلئے اہم کردارادا کیا ہے اور کئی یونیورسٹیوں کے ساتھ انٹرن شپ کے معاہدے کر کے فارغ التحصیل بچوں کو کام کے مواقع فراہم کیے ہیں ۔
چیئرمین سینیٹ نے دورے پر آئے ہوئے بلوچستان کے طلبا وطالبات کو سینیٹ کے کام کے طریقے کار کے بارے بتایا ، سینیٹ ہال دکھایا اور مہمانوں کے اعزاز میں عشائیہ بھی دیا ۔ عشائیہ میں سینیٹر کہدہ بابر نے طلبا وطالبات سے سندھی اور بلوچی زبان میں خطاب کیا۔
سینیٹرز فدا محمد ، دلاور خان ، مولا بخش چانڈیو ، ثناء جمالی ، کہدہ بابر اور میاں محمد عتیق نے عشائیہ میں شرکت کی ۔ دریں اثناء چیئرمین سینیٹ نے تربت ڈگری کالج کے آٹھ رکنی وفد سے جمعرات کو پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات کی۔
بلوچستان کی ترقی وخوشحالی کے لیے قدرتی وسائل سے استفادہ کیا جائے، صادق سنجرانی
وقتِ اشاعت : August 10 – 2018