دالبندین : دالبندین کے قریب چائینز انجینئرز کے بس کے قریب خود کش دھماکہ تین چینی باشندوں سمیت 7افراد شدید زخمی خود کش حملہ آور کے جسم کے اعضاء دور دور تک بکھر گئے فورسز نے علاقے کا گھیراؤ کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق سیندک پروجیکٹ میں کام کرنے والی چینی انجینئرز کی کانوائے میں شامل گاڑی نمبر MRDL-0238بس پر اس وقت خود کش حملے کی کوشش کی گئی جو کہ چینی انجینئرز بس میں سوار دیگر گاڑیوں کے ہمراہ علی الصبح سیندک سے نکل کر دالبندین ایئر پورٹ آنا چاہتے تھے کہ دالبندین کے مغربی شہر سے آٹھ کلو میٹر دور یہ واقعہ ڈھڈر لانڈھی کے مقام پر پیش آیا خود کش حملہ آور سبز رنگ کی زمباد پک اپ گاڑی میں سوار ہو کر اپنی گاڑی چینی باشندوں کی گاڑی سے ٹکرانا چاہتا تھا مگر ایف سی کی حفاظتی حصار کی وجہ سے ان کی گاڑی بس کے گزرنے سے چند لمحے قبل دھماکہ ہوا ۔
دھماکے کی آواز دور دور تک سنائی دی گئی چینی انجینئرز کی بس میں عملے سمیت کل تیرہ افراد سوار تھے جن میں سے تین چینی انجینئر ز تین ایف سی اہلکار اور محمد ابراہیم نامی ڈرائیور شدید زخمی ہوگیاتمام زخمیوں کو ایف سی نے سول ہسپتال پہنچا دیا دھماکے کے فوراً بعد ایف سی پولیس لیویز اور قانون نافذ کرنے والے اہلکاروں نے علاقے کا گھیراؤ کر لیا اور آر سی ڈی شاہراہ پر ہر قسم کی ٹریفک روک دی گئی خود کش حملہ آور کی شناخت نہ ہوسکی تاہم اس کے جسم کے اعضاء دور دور تک بھکر گئے ۔
سیندک پروجیکٹ سے کراچی جانے والے باقی تمام چینی انجینئرز کو سیکورٹی حکام نے ایئر پورٹ پہنچا کر پی آئی اے کی پرواز سے کراچی منتقل کر دیا ڈی سی چاغی سیف اللہ کھیتران اور ڈی پی او چاغی دوستین دشتی نے صحافیوں کو بتایا کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق واقعہ خود کش لگتا ہے ۔
تاہم تحقیقات جاری ہیں خوش قسمتی سے چینی انجینئراور سیکورٹی حکام خود کش حملہ آور سے بچ گئے جو کہ ایک معجزہ ہے علاقے میں سیکورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی ہے ۔ دریں اثناء گورنربلوچستان محمد خان اچکزئی اور نگران وزیراعلیٰ بلوچستان علاؤالدین مری نے بلوچستان کے علاقے دالنبدین میں چینی انجینئر ز کی بس پر دھماکے کے نتیجے میں زخمی ہونے والے چینی انجینئرز کے دہشت گردی کے واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کی ۔
انہوں نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ہدایت کی کہ دہشت گردی کے اس واقعہ میں ملوث عناصر کو جلد از جلد گرفتار کرکے کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کی تہہ تک پہنچنا اور دہشت وو حشت پر مبنی ذہنیت کا خاتمہ وقت کی اہم ضرورت ہے ۔
انہوں نے متعلقہ ذمہ داروں کو ہدایت کی کہ وہ زخمیوں کو فوری طبی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے اور ان کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی ،نگران وزیراعلیٰ بلوچستان علاؤالدین مری نے دالبندین میں چینی انجینئرز کی بس پر بم دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے دہشت گردی کے اس واقعہ میں بعض چینی انجینئرزکی زخمی ہونے پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
وزیر اعلیٰ نے ضلعی انتظامیہ سے واقعہ کی رپورٹ طلب کرتے ہوئے سیندک سمیت ضلع کے دیگر علاقوں میں سیکورٹی اقدامات اور چینی نجینئرز کی سیکورٹی کو مزید موثر بنانے کی ہدایت کی ہے۔
وزیر اعلیٰ نے کہا ہے کہ دہشت گرد صوبے میں جاری ترقیاتی عمل اور عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں میں رکاوٹ پیدا کرنے کے لئے بزدلانہ کاروائیاں کر رہے ہیں، تاہم دہشت گردوں کے عزائم کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا اور دہشت گردوں کو جلداز جلد کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔
وزیر اعلیٰ نے واقعہ میں ملوث عناصر کی فوری گرفتاری کے لئے تمام وسائل بروئے کار لانے اور زخمیوں کو بہترین طبی امداد کی فراہمی کو یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے ،دفتر خارجہ نے دالبندین میں چینی انجینئر ز اوران کے ہمراہ جانے والے ایف سی اہلکاروں پردہشت گردی کے حملہ کی شدید مذمت کی ہے۔
وزارت خارجہ کے ترجمان ڈاکٹرمحمد فیصل نے ہفتہ کو سماجی میل جول کی ویب سائیٹ ٹوئٹرپرجاری پیغام میں کہاکہ چینی انجینئرز اوران کے ہمراہ جانے والے ایف سی اہلکاروں کی حالت مستحکم ہیں اوران کاعلاج ہورہاہے۔انہوں نے کہاکہ اس طرح کی بزدلانہ کارروائیوں سے دہشت گردی کے خلاف پاکستان کا عزم کمزور نہیں کیا جاسکتا۔
دالبندین ،چینی انجینئر ز کے بس پر خودکش حملہ 3 چینی باشندوں سمیت 7 افراد زخمی
وقتِ اشاعت : August 11 – 2018