کوئٹہ: نگران وزیراعلیٰ بلوچستان علاؤ الدین مری نے کہا ہے کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے صوبے میں امن کے قیام میں لازوال قربانیاں دی ہیں، حکومت ان اداروں کو درپیش مشکلات کے حل اور انہیں جدید خطوط پر استوار کرنے کے لئے تمام دستیاب وسائل بروئے کارلا رہی ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ سے متعلق جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا، چیف سیکریٹری بلوچستان ڈاکٹر اختر نذیر، آئی جی پولیس بلوچستان محسن حسن بٹ، سیکریٹری داخلہ، سیکریٹری ایس اینڈ جی اے ڈی، سیکریٹری لاء، ڈی آئی جی سی ٹی ڈی اور دیگر متعلقہ افسران نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔
اجلاس میں سی ٹی ڈی میں نئی بھرتیوں، ملازمین کے سروس رولز، الاؤنس سمیت مختلف امور کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ حکومت صوبے میں قیام امن کے لئے سیکیورٹی اداروں کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے اور حکومت کی کوشش ہے کہ صوبے میں پولیس، لیویز، بلوچستان کانسٹیبلری سمیت دیگر اداروں کو جدید آلات اور تربیت کی فراہمی کے ساتھ ساتھ انہیں بہتر الاؤنس کی فراہمی اور وقت پر ان کی پروموشن کو یقینی بنایا جائے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ موجودہ حالات کے پیش نظر ہمیں اپنے اداروں کو مزید بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ انہیں تمام مطلوبہ آلات کی فراہمی کو یقینی بنانا ہوگا تاکہ وہ مزید بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرسکیں۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ پولیس اور دیگر سیکیورٹی اداروں کے اہلکاروں کی اپ گریڈیشن میں حائل رکاوٹوں کو فوری دور کیا جائے اور اس سلسلے میں مطلوبہ مالی معاونت کو یقینی بنانے کی ضرورت ہے جسے یقیناًآنے والی حکومت پورا کرے گی۔
سیکورٹی اداروں نے قیام امن کیلئے لازوال قربانیاں دی ، علاؤالدین مری
وقتِ اشاعت : August 16 – 2018