|

وقتِ اشاعت :   August 16 – 2018

نوشکی: بلوچستان نیشنل پارٹی کے مرکزی کمیٹی کے رکن میر خورشید جمالدینی نے اپنے جاری بیان میں کہاہے کہ بی این پی کے نومنتخب اراکین اسمبلی باصلاحیت پرجو ش اور عوامی خدمت سے جذبے سے سرشارہیں ۔

قومی اسمبلی ،سینیٹ اور بلوچستان اسمبلی میں بلوچستان کے عوام کے حقوق،ظلم وزیادتیوں کے خلاف بھرپور آواز میں بلند کرکے بلوچستان کی حقیقی معنوں میں ترجمانی کرکے اپنا حق اداکرینگے ،ان خیالات کااظہار انہوں نے میڈیا سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہاکہ اہل بلوچستان نے عام انتخابات میں شعور،زانت کا مظاہرہ کرکے بلوچستان نیشنل پارٹی کے اہل امیدواروں کو منتخب کرکے حق نمائندگی دی،بلوچستان نیشنل پارٹی کے نومنتخب اراکین اسمبلی بلوچستان کے عوام کے حقوق کی جنگ نیشنل،صوبائی اور قومی اسمبلی کے پلیٹ فارم سے بھرپور اندازمیں لڑینگے ۔

بلوچستان کے عوام نے علم ودانش،عوام کے خدمت کے جذبے سے سرشار بی این پی کے امیدواروں کا انتخاب کرکے بلوچستان میں مثبت سیاست کو فروغ دیکر پیسہ کلچر ،دروغ گوئی اور فصلی بٹیروں کو مستردکرکے تاریخ رقم کی ،بی این پی کے اراکین اسمبلی اب عوامی عدالتوں کے ساتھ ساتھ قومی صوبائی اور سینیٹ میں عوام کے حقوق ،عوام کے ساتھ زیادتیوں کے خاتمے اور انکے ازالے کے لئے بھرپور اندازمیں اپنا کردار اداکرینگے۔

اب بلوچستان کے عوام کے حقوق پر ڈاکہ ڈالنے پر خاموشی نہیں بلکہ شور ہوگا،انہوں نے کہاکہ بی این پی بلوچستان کی سب سے بڑی قومی جماعت بن چکی ہے بی این پی میں ہرمکتبہ فکر کے لوگ شامل ہیں ،اہل بلوچستان کی حقیقی معنوں میں نمائندگی صرف اور صرف بی این پی ہی کرسکتی ہے ۔

ہمارے لیڈروں کی ماضی حال اور مستقبل عوام سے پوشیدہ نہیں ہوگی ،جس اعتماد کا اظہار عوام نے عام انتخابات میں پارٹی پر کیا،اسے بی این پی ہرگز فراموش نہیں کرسکتی ،بعض حلقوں میں ہمارے عوامی مینڈیٹ کو چرایا گیا اور ہمارے ساتھ زیادتی بھی کی گئی تاہم تمام تر مشکلات کے باوجود بلوچستان کے عوام نے حق کا ساتھ دیا اور اپنا حق ادا کیا،جسے ہرگز فراموش نہیں کیا جاسکتا۔