کوئٹہ: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پانچ ہفتوں سے التواء کے شکار بلوچستان اسمبلی کی خواتین کی ایک مخصوص نشست کی الاٹمنٹ کا فیصلہ کرلیا۔
بلوچستان نیشنل پارٹی(عوامی)کو بلوچستان اسمبلی میں خواتین کی نشست مل گئی جس کے بعد اسمبلی میں ان کے ارکان کی مجموعی تعداد تین ہوگئی ہے۔بلوچستان اسمبلی میں خواتین کی مخصوص نشستوں کی تعداد11 ہے۔ آئین کے تحت خواتین اور اقلیت کی مخصوص نشستیں پارٹیوں میں مجموعی حاصل کردہ جنرل نشستوں کیحساب سے تقسیم کی جاتی ہے۔
الیکشن کمیشن نے انتخابات کے چند دنوں خواتین کی دس نشستوں کی الاٹمنٹ کردی تھی جس میں سے بلوچستان عوامی پارٹی کو چار، متحدہ مجلس عمل ، بلوچستان نیشنل پارٹی مینگل کو دو دو ، تحریک انصاف اور عوامی نیشنل پارٹی کو ایک ایک نشست ملی۔ گیارہویں نشست پر تحریک انصاف اور بلوچستان نیشنل پارٹی (عوامی) کے درمیان قرعہ اندازی کے ذریعے فیصلہ ہونا تھا ۔
تاہم ذرائع کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن نے بلوچستان عوامی پارٹی کے اعتراض کے بعد نشستوں کی تقسیم کا فارمولہ کا ازسرنوجائزہ لیا ۔ نشستوں کی تقسیم کے فارمولے میں اشاریہ چند پوائنٹس کے ساتھ فیصلہ بلوچستان نیشنل پارٹی (عوامی)کے حق میں آیا۔اس طرح الیکشن کمیشن نے میرٹ کی بنیاد پر بی این پی عوامی کو خواتین کی نشست الاٹ کردی۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان اسلام آباد دفتر کے ڈپٹی ڈائریکٹر رابطہ کاری وقاص احمد ملک کے دستخط سے بدھ کو بی این پی عوامی کی جانب سے نامزد کردہ بی بی مستورا کی کامیابی کا باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا ہے۔بی بی مستورا بی این پی عوامی کے رکن بلوچستان اسمبلی میر اسد اللہ بلوچ کی اہلیہ ہیں۔
اس طرح میاں بیوی کی جوڑی بلوچستان اسمبلی کا حصہ بن گئے ہیں۔اضافی نشست ملنے کے بعد بی این پی عوامی کی بلوچستان اسمبلی میں نشستوں کی مجموعی تعداد تین ہوگئی ہے۔
یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ بلوچستان نیشنل پارٹی(عوامی) بلوچستان کی مخلوط حکومت میں بی اے پی کی اتحادی ہیں تاہم پارٹی کے اندر پارلیمانی لیڈر کی نشست اور وزارت کے حصول پر اسد اللہ بلوچ اور سید احسان شاہ میں شدید اختلافات پائے جاتے ہیں۔
دونوں وزیر بننے کے خواہشمند ہیں۔ چار مرتبہ رکن اسمبلی رہنے والے سید احسان شاہ کا مؤقف ہے کہ سینئر ہونے کی وجہ سے صوبائی اسمبلی میں پارٹی کے پارلیمانی لیڈر کا عہدہ اور فیصلوں کا حق ان کا ہے جبکہ پارٹی کے سربراہ اسرار اللہ زہری اس معاملے میں اسد اللہ بلوچ کے حق میں ہیں۔خواتین کی مخصوص نشست اہلیہ کو ملنے کے بعد وزارت کے حصول کیلئے جاری سیاسی جنگ میں اسد اللہ بلوچ کی پوزیشن مضبوط ہوگئی ہے۔
بی این پی عوامی کو خواتین کی مخصوص نشست مل گئی
وقتِ اشاعت : August 30 – 2018