اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان کے چیئرمین سردار رضا ‘جسٹس (ر) الطاف ابراہیم قریشی اور جسٹس (ر)محمد ارشاد قیصرپر مشتمل الیکشن ٹریبونل نے بلوچستان اسمبلی کے حلقہ پی بی17 کچھی؍بولان میں مبینہ دھاندلیوں سے متعلق دائر درخواست کیلئے 5 ستمبر کی تاریخ مقرر کرتے ہوئے فریقین اور ریٹرننگ آفیسر کو روبرو پیش ہونے کی ہدایت کردی جبکہ پیش نہ ہونے کی صورت میں بھی فیصلہ سنادیا جائے گا ۔
تفصیلات کے مطابق بلوچستان اسمبلی کے حلقہ پی بی17 کچھی ؍بولان میں بلوچستان عوامی پارٹی کے امیدوار میر عاصم کرد گیلو کی جانب سے حلقے میں مبینہ دھاندلیوں کی الیکشن کمیشن کے پاس درخواست دائر کی گئی تھی جس کیلئے 27 اگست کی تاریخ مقرر کی گئی میر عاصم کر د گیلو کی جانب سے انکے وکیل شاہ خاور پیش ہوئے تاہم ریٹرننگ افسر اور فریق دوئم کی طرف سے کوئی بھی پیش نہیں ہوا ۔
جس پر چیئرمین الیکشن کمیشن سردار محمد رضا ‘جسٹس (ر) الطاف ابراہیم قریشی اور جسٹس (ر)محمد ارشاد قیصرپر مشتمل الیکشن ٹریبونل نے سخت برہمی کا اظہار کیا اور5 ستمبر کی تاریخ مقرر کرتے ہوئے ریٹرننگ افسر اور فریق دوئم کو سختی سے ہدایت کی کہ وہ الیکشن کمیشن کے روبرو پیش ہوں اور فریق اول بلوچستان عوامی پارٹی کے اُمیدوار کی طرف سے دائر کردہ درخواست اور اس میں عائد کئے گئے دھاندلی کے الزامات پر اپنی وضاحت پیش کریں ۔
الیکشن کمیشن نے یہ بھی ہدایت جاری کی کہ اگر 5 ستمبر کو حلقے کے ریٹرننگ افسر اور فریق دوئم خود یا ان کا کوئی وکیل پیش نہ ہوا تو بھی بلاتاخیر فیصلہ سنادیا جائے گاالیکشن ٹریبونل نے اس حوالے سے تمام فریقین کو نوٹسز بھی جاری کردیئے ہیں۔
پی بی 17بولان الیکشن کمیشن نے فریقین وریٹرننگ آفسر کو پیش ہونے کی ہدایت کر دی
وقتِ اشاعت : August 30 – 2018