سری نگر: مقبوضہ کشمیر میں مظاہرین پر بھارتی فوج کی فائرنگ سے ایک کشمیری نوجوان شہید اور ایک شدید زخمی ہو گیا ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق قابض بھارتی فوج نے مقبوضہ کشمیر کے ضلع راجوری کے داخلی اور خارجی راستوں کو بند کر کے سرچ آپریشن کیا جس پر علاقہ مکینوں کی جانب سے احتجاج کیا گیا ، اس دوران بھارتی فوج نے مظاہرین پر براہ راست فائرنگ کردی۔
بھارتی فوج کی براہ راست فائرنگ سے دو نوجوان شدید زخمی ہوگئے جنہیں اسپتال لے جانے سے روک دیا گیا، بروقت اسپتال نہ پہنچنے کی وجہ سے ایک نوجوان نے موقع پر ہی جام شہادت نوش کرلی۔ بعد ازاں دوسرے نوجوان کو اسپتال لے جایا گیا جہاں اس کی حالت تشویش ناک بتائی جا رہی ہے۔
دوسری جانب مقبوضہ کشمیر کے اضلاع پلوامہ، کلگام، شوپیاں اور بارہ مولا کے مختلف علاقوں میں بھی سرچ آپریشن کیا گیا اور درجنوں نوجوانوں کو حراست میں لے لیا گیا۔ اہل خانہ نے گرفتار نوجوانوں کو ماورائے عدالت قتل کیے جانے کے خدشے کا اظہار کیا ہے۔
واضح رہے کہ مقبوضہ کشمیر میں پنچائیت الیکشن سے قبل حریت پسند رہنماؤں کو نظر بند کردیا گیا ہے جب کہ مقامی رہنماؤں کے گھروں پر چھاپے مار کر اہل خانہ کو ہراساں کیا جا رہا ہے اور عام شہریوں کو گرفتار کیا جا رہا ہے۔