|

وقتِ اشاعت :   September 5 – 2018

کوئٹہ: بلوچستان نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنماء رکن صوبائی اسمبلی ثناء بلوچ نے کہا ہے کہ بلوچستان نیشنل پارٹی وفاق میں تحریک انصاف کی اتحادی جماعت ہے اور ہمارے 22 نکات کو تسلیم کرنے پر تحریک انصاف کے صدارتی امیدوار کو ووٹ دیا ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے بلوچستان اسمبلی کے باہر’’ آن لائن‘‘ سے بات چیت کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا ہے کہ بلوچستان نیشنل پارٹی نے تحریک انصاف کے امیدوا رکو اس بناء پر ووٹ دیا کہ وفاقی حکومت نے بلوچستان نیشنل پارٹی کے چارٹر آف ڈیمانڈ پر عملدرآمد کی مکمل یقین دہانی کرائی اور صدارتی انتخابات سے قبل پارٹی سربراہ سردار اختر جان مینگل سے تمام معاملات طے پا گئے ۔

اس لئے بلوچستان نیشنل پارٹی نے فیصلہ کیا ہے کہ صدارتی امیدوار کے لئے تحریک انصاف کو سپورٹ کرینگے کیونکہ ہمارے22 ٹی آر اوز نکاتی ترقیاتی بجٹ پیش کر دیا اور اس پر عملدرآمد بھی جلد کی جائے گی ۔

انہوں نے کہا ہے کہ ملک میں پہلے صدارتی انتخابات کی کوئی حیثیت نہیں تھی مگر اب حالات تبدیل ہو گئے اور صدر کی حیثیت بھی بڑھ گئی جس کی وجہ سے صدارتی انتخابات کا سلسلہ بھی شروع ہوا اب آنیوالے صدر اپنے معاملات کو ترجیح دیں گے ۔

انہوں نے کہا ہے کہ بلوچستان نیشنل پارٹی صوبے کے ساحل ووسائل اور دیگر معاملات پر خاموش نہیں رہے گی اور ہر فورم پر آواز اٹھائیں گے ہم سمجھتے ہیں کہ بلوچستان نیشنل پارٹی اپوزیشن میں ہوتے ہوئے بھی صوبے کے مسائل پر قابو پا لیں گے۔