|

وقتِ اشاعت :   September 8 – 2018

کوئٹہ : بلوچستان عوامی پارٹی کے مرکزی سینئر نائب صدر اور سابق صوبائی وزیر میر عبدالکریم نوشیروانی نے کہا ہے کہ خدا خیر کرے جام کمال کی حکومت کو ’’سیاسی سادھوؤں‘‘ نے گھیرا ہوا ہے اور وہ حکومت کو’’جام‘‘ کرنے کی کوششوں میں مصروف ہیں،جام کمال کو چاہئے کہ وہ ماہ بھارت بن کر ان سادھوؤں کو دم کریں تاکہ ان کی سیاست منتشر ہو۔

یہ بات انہوں نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی سابق صوبائی وزیر میر عبدالکریم نوشیروانی نے کہاکہ ماضی میں ان سیاسی سادھوؤں نے تھال میں کھایا ہے اب ان کا پلیٹ سے گزارا نہیں ہوسکتا انہوں نے مزید کہاکہ میں نے یہ بھی سنا ہے کہ عنقریب ہمارے بعض پرانے سیاسی پنڈت ماسکو میں لیلن کے مزار کی یاترا کے لئے بھی جارہے ہیں ۔

کیونکہ اب ان کی یہاں دال نہیں گل رہی، انہوں نے کہاکہ میں وزیراعظم عمران خان سے اپیل کرتاہوں وہ بلوچستان میں جام کمال کی حکومت کو ہر لحاظ سے سپورٹ کریں اور اپنا کوئی نمائندہ بلوچستان بھیجیں تاکہ موجودہ حالات کا بغورجائزہ لیکر اسے حل کریں کیونکہ ماضی میں بلوچستان نے اس سیاسی رسہ کشی کی وجہ سے بہت نقصانات اٹھائے ہیں اب یہ صوبہ اور یہاں کے غریب عوام مزید اسکے متحمل نہیں ہوسکتے۔