کوئٹہ: بلوچستان عوامی پارٹی کے مرکزی جنرل سیکرٹری منظور احمد کاکڑ نے کہا ہے کہ بلوچستان عوامی پارٹی کسی بھی اتحادی جماعت کے معاملات میں مداخلت نہیں کرتی اور جو پارٹی الزامات لگا رہی ہے اس میں کوئی صداقت نہیں ہے یہ ان کے اندرونی معاملات ہیں بلوچستان عوامی پارٹی نے نئے پاکستان کی تشکیل کے لئے تحریک انصاف کو سپوٹ کیا ۔
تحریک انصاف نے ڈپٹی اسپیکر ایک وزیر اور ایک مشیر کے لئے خود نام دیئے ہم نے کسی کو بھی براہ راست صوبائی کابینہ میں نہیں لیا بلکہ تحریک کی مرکزی قیادت کی ہدایت پر ہم نے ان کو وزارتیں اور ڈپٹی اسپیکر شپ دی ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے ’’آن لائن‘‘ سے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے کیا ۔
انہوں نے کہاکہ بلوچستان عوامی پارٹی مختصر عرصہ میں ایک سیاسی و جمہوری جماعت بن گئی اور عام انتخابات میں حصہ لیا جس پر صوبہ کے عوام نے جس طرح بلوچستان عوامی پارٹی پر اعتماد کا اظہار کیا ہم اس پر ان کے شکرگزار ہیں تحریک انصاف کے الزامات میں کوئی صدارت نہیں ہے سردار یار محمد رند ہمارے بڑے ہیں اور بلوچستان عوامی پارٹی کسی بھی اتحادی جماعت کے معاملات میں مداخلت نہیں کرتی اور نہ ہم ایسا کر سکتے ہیں البتہ یہ ان کے اندرونی معاملات ہیں ۔
بلوچستان عوامی پارٹی نے جمہوری اور سیاسی طورپر قومی اسمبلی میں وزیراعظم شپ ‘ اسپیکر و ڈپٹی اسپیکر اور صدر کے انتخاب میں تحریک انصاف کو سپوٹ کیا اگر دیکھا جائے تو اس وقت تحریک انصاف کے ساتھ سادا اکثریت بھی نہیں تھی مگر بلوچستان عوامی پارٹی کے 5 ووٹ انتہائی اہمیت کے حامل تھے نئے پاکستان کی تشکیل کے لئے ہم نے اپنا کردار ادا کیا اگر ہم مداخلت کرتے تو ہم وفاق میں 3 سے 4 وزارتیں لے سکتے تھے مگر ہم نے ایسا نہیں کیا صرف ایک وزارت دی گئی ہے ۔
اس پر ہم نہ تو کوئی احتجاج کیا اور نہ ہی کوئی مطالبہ کیا بلوچستان عوامی پارٹی کے ساتھ تحریک انصاف کی مرکزی قیادت نے ہرمعاملے پر بات کی اگر دیکھا جائے تو تحریک انصاف کی مرکزی قیادت نے ڈپٹی اسپیکر کے لئے بابر موسیٰ خیل کا نام تجویز کیا وزارت کے لئے نصیب اللہ مری کا نام تجویز کیا جبکہ ہماری طرف سے زبیدہ جلال کو وزارت کے لئے تجویز کیا ۔
انہوں نے کہاکہ مخلوط حکومت میں سب کو ساتھ لیکر چلنا ہوگا ہم کسی بھی صورت کسی بھی اتحادی جماعت کو ناراض نہیں کرتے اور بلوچستان کی ترقی و خوشحالی میں اپنا کردار ادا کرنے کے لئے سب کو ساتھ لیکر چلنا ہوگا انہوں نے کہا کہ جب وزیراعظم کے انتخاب سے لیکر صدر کے انتخاب تک جب سب معاملات طے پاگئے تو انہوں نے احتجاج شروع کیا اس سے قبل کیوں احتجاج نہیں کیا گیا انہوں نے کہا کہ حکومت سازی کے بارے میں تمام اتحادی جماعتوں کو اعتماد میں لیا گیا ۔
کسی کے معاملات میں مداخلت نہیں کررہے پی ٹی آئی کے الزامات درست نہیں،منظور کاکڑ
وقتِ اشاعت : September 8 – 2018