لاہور: چیف جسٹس پاکستان ثاقب نثار نے کہا ہے کہ ڈیم پر جھونپڑی بنا کر بھی رہنا پڑا تو رہوں گا۔
چیف جسٹس ثاقب نثار نے سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں مختلف مقدمات کی سماعت کی۔ اس موقع پر چیف جسٹس سے صحافیوں نے غیر رسمی ملاقات کی۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیف جسٹس ثاقب نثار نے وزیراعظم عمران خان کی ڈیمز اور آبی قلت سے متعلق تقریر کو سراہا۔
چیف جسٹس نے کہا کہ وزیراعظم کا پانی سے متعلق بیان خوش آئند ہے، وزیر اعظم اگر ہم سے مشاورت کرتے تو ان کو آبی قلت سے متعلق اس سے بھی زیادہ ہوشربا حقائق بتاتے، عمران خان نے وزیراعظم فنڈ کو سپریم کورٹ فنڈ میں ضم کرنے کا فیصلہ ہماری اجازت سے کیا۔
چیف جسٹس ثاقب نثار نے مزید کہا کہ جلد سپریم کورٹ کی جانب سے پانی پر بین الاقوامی کانفرنس کروائی جائے گی، ریٹائرمنٹ کے بعد ڈیم پر پہرہ دوں گا، اور اگر ڈیم پر جھونپڑی بنا کر بھی رہنا پڑا تو رہوں گا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز وزیراعظم عمران خان نے چیف جسٹس ثاقب نثار کو ڈیمز کے لیے فنڈز جمع کرنے پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا تھا کہ چیف جسٹس نے وہ کام کیا جو ان کا نہیں بلکہ سیاسی قیادت کے کرنے کا تھا۔ عمران خان نے چیف جسٹس اور وزیراعظم فنڈز کو ضم کرنے کا بھی اعلان کیا۔