کراچی: مرکزی رویت ہلال کمیٹی نے محرم الحرام 1440 ہجری کا چاند نظر نہ آنے کا اعلان کردیا جس کے بعد یوم عاشور 21 ستمبر بروز جمعہ کو ہوگا۔
محرم الحرام کا چاند دیکھنے کیلئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس چیئرمین مفتی منیب الرحمان کی زیر صدارت کراچی میں ہوا جس میں محکمہ موسمیات اور وزارت مذہبی امور کے حکام سمیت زونل رویت ہلال کمیٹی کے ارکان بھی شریک تھے۔
دوسری جانب زونل کمیٹیوں کے اجلاس لاہور، کوئٹہ اور پشاور میں ہوئے تاہم کسی بھی مقام سے چاند کی کوئی شہادت موصول نہیں ہوئی جس کے بعد چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی مفتی منیب الرحمن نے چاند نظر نہ آنے کا اعلان کیا۔
واضح رہے محکمہ موسمیات نے یکم محرم الحرام 12 ستمبر بروز بدھ اور 10 محرم یوم عاشور 21 ستمبر بروز جمعہ کو ہونے کی پیش گوئی کی تھی۔