|

وقتِ اشاعت :   September 11 – 2018

کوئٹہ:ایڈیشنل انسپکٹر جنرل پولیس بلوچستان چوہدری منظور سرور نے کہاہے کہ شہداء پولیس کا خون رائیگاں نہیں جائے گا وہ ہمارے ہر وقت آنکھوں کے سامنے ہیں ہم آج بھی پر عزم ہیں اور ہمارے حوصلے بلند ہیں یہ بات انہوں نے پیر کے روزریجنل ٹریننگ سینٹر کچھ موڑپرپاسنگ آؤٹ پریڈ کی منعقدہ اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

تقریب میں کمانڈنٹ پولیس ٹریننگ کالج ملک سلیم لہڑی ، کمانڈنٹ بلوچستان کانسٹبلری ، ڈی آئی جی کرا ئمز ، ڈئی آئی جی اسپیشل برانچ کے علاوہ 27ایف ایف کے سی او کرنل تنویر احمد و دیگر آفیسران بھی موجود تھے ۔

ایڈیشنل آئی جی بلوچستان نے کہا کہ اس وقت پورے ملک خاص طور پربلوچستان میں امن و امان کے کئی چینلجز درپیش ہیں ۔ لیکن یہ امر باعث اطمینان ہے کہ دیگر سیکیورٹی اداروں کے ساتھ بلوچستان پولیس ان حالات کا نہایت جواں مردی کے ساتھ نہ صرف مقابلہ کررہی ہے بلکہ دہشت گردی کیخلاف صف اول میں لڑ رہی ہے اور کئی قیمتی جانوں کی قربانیاں پیش کرکے دہشت گردوں اور مجرموں کو کیفر کردار تک پہنچا رہی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ دشمن اپنے مذموم ارادوں میں انشاء اللہ کبھی کامیاب نہیں ہوگا کیونکہ ہم نہ صرف قربانی دینا جانتے ہیں بلکہ عوام کے تحفظ اور وطن کے تحفظ کی خاطر ملک و دشمن عناصر کی سرکوبی بھی جانتے ہیں ۔ ایڈیشنل آئی جی بلوچستان نے کہا کہ آپ پولیس کے ناموس کی علامت ہیں آپ اپنے جائے تعیناتی پر اپنے زیر کمانڈ آفیسران کے اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے نبھائیں گے ۔ 

قانون کی قوت ریاست کی طاقت اور سب سے بڑ ھ کر اللہ تعالیٰ کی نصرت آپ کے ساتھ ہے۔ یاد رہے کہ فرائض کی ادائیگی کے دوران انسانی حقوق کا احترام اور شہریوں کی عزت و نفس کا ہر صورت میں خیال رکھا جائے عوام پر جبر کے بجائے ان کے محافظ اور معاون بننے کا شعار اپنائیں ۔

انہوں نے پاک آرمی خصوصاً27 ایف ایف کے آفیسران او ر جوانوں کا شکریہ ادا کیا کہ ان کی معاونت سے پولیس جوانوں کو بہترین تربیت دی گئی۔ ایڈیشنل آئی جی بلوچستان نے تقریب کے اختتام پر نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے ریکروٹس میں انعامات تقسیم کئے ۔ 

انہوں نے پاسنگ آؤٹ پریڈ کا معائنہ کیا ۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کمانڈنٹ پی ٹی سی ملک سلیم لہڑی نے سپاسنامہ پیش کرتے ہوئے بتایا کہ 2008 میں بلوچستان میں مخصوص حالات کے تحت پاکستان کے ذریعے پولیس جوانوں کو تربیت دینے کا کام شروع ہے اب تک چارہزار پولیس جوانوں کو تربیت دی جاچکی ہے ۔ 

جبکہ آج کے پاسنگ آؤٹ میں 171 پولیس جوان 8ماہ کی خصوصی تربیت حاصل کرچکے ہیں جوکہ اگلے ہفتے بلوچستان پولیس کا باقاعدہ حصہ بنیں گے ۔