|

وقتِ اشاعت :   September 14 – 2018

کوئٹہ:  بلوچستان صوبائی اسمبلی میں اپوزیشن کے ارکان کے جانب سے ابھی تک کسی بھی رکن صوبائی اسمبلی کو متفقہ طور پر اپوزیشن لیڈر منتخب نہیں کیا گیا ہے اور نہ ہی اسمبلی سیکرٹریٹ کی جانب سے کسی بھی اپوزیشن رکن کے اپوزیشن لیڈر کے بارے میں کوئی نوٹیفکیشن ابھی تک جاری نہیں کیا گیا۔

اس وقت متحدہ مجلس عمل ، بی این پی (مینگل) اور پشتونخوا ملی عوامی پارٹی اپوزیشن کی نشستوں پر بیٹھے ہوئے ہیں ذرائع نے دعویٰ کیا ہے ہوسکتا ہے کہ کئی دوسرے ارکان بھی اپوزیشن کی بینچوں پر بیٹھ جائیں ان سے رابطوں کا سلسلہ جاری ہے۔

جیسے ہی رابطے مکمل ہونگے اس بارے میں صوبائی اسمبلی سیکرٹریٹ کو آگاہ کردیا جائے گا کہ اپوزیشن لیڈر متفقہ طور پر کس کو نامزد کیا گیا ہے دوسری جانب ابھی تک اسمبلی میں اسٹیڈنگ کمیٹیوں کے چیئرمینوں کا اعلان بھی نہیں ہوا ہے اس بارے میں بھی ارکان اسمبلی میں آپس میں مشاورت جاری ہے جس کا اعلان سپیکر بلوچستان صوبائی اسمبلی کرینگے۔